اے ایم یو کے شعبہ کامرس اور ٹی پی او جنرل کے اشتراک سے مستقبل کے ایچ آر ماہرین کے لیے جنریٹیو اے آئی پر خصوصی نشست منعقد
علی گڑھ، 30 ستمبر (ہ س)۔ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے شعبہ کامرس نے ٹریننگ و پلیسمنٹ دفتر (جنرل) کے اشتراک سے بی بی اے اور ایم بی اے (ہیومن ریسورس مینجمنٹ) کے آخری سمسٹر کے طلبہ کے لیے ‘‘مستقبل کے ایچ آر ماہرین کے لیے جنریٹیو اے آئی’’ موضوع پر ایک خصو
اے ایم یو کے شعبہ کامرس اور ٹی پی او جنرل کے اشتراک سے مستقبل کے ایچ آر ماہرین کے لیے جنریٹیو اے آئی پر خصوصی نشست منعقد


علی گڑھ، 30 ستمبر (ہ س)۔ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے شعبہ کامرس نے ٹریننگ و پلیسمنٹ دفتر (جنرل) کے اشتراک سے بی بی اے اور ایم بی اے (ہیومن ریسورس مینجمنٹ) کے آخری سمسٹر کے طلبہ کے لیے ‘‘مستقبل کے ایچ آر ماہرین کے لیے جنریٹیو اے آئی’’ موضوع پر ایک خصوصی پروگرام منعقد کیا گیا جس کی قیادت اسکل گورتھم کے بانی اور چیف ایگزیکٹو افسر جناب نشانت بھاردواج نے کی۔ انہوں نے باصلاحیت افراد کے حصول، ملازمین کی شمولیت، تعلیم و ترقی، انسانی وسائل کے تجزیات اور فیصلہ سازی میں جنریٹیو اے آئی کے استعمال پر روشنی ڈالی۔ مثالوں اور عملی مظاہرے کے ذریعہ انہوں نے ہیومن ریسورس ماہرین کے لیے درکار صلاحیتوں پر بھی گفتگو کی۔

فیکلٹی آف کامرس کے ڈین پروفیسر ایم اشرف علی نے طلبہ کی پیشہ ورانہ تیاری کو بہتر بنانے کے لیے صنعت اور تعلیمی اداروں کے درمیان باہمی رابطے کی اہمیت پر زور دیا۔ شعبہ کامرس کے چیئرمین پروفیسر محمد آصف خان نے مینجمنٹ کی تعلیم میں مصنوعی ذہانت اور ڈیجیٹل تبدیلی کی بڑھتی ہوئی اہمیت کو اجاگر کیا۔

تقریب کے کوآرڈنیٹر پروفیسر نواب علی خان نے ایچ آر مینجمنٹ کے شعبے میں تکنیکی صلاحیتوں کے ساتھ انسانی مہارتوں کو یکجا کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ ٹریننگ و پلیسمنٹ آفیسر (جنرل) جناب سعد حمید نے طلبہ کو موجودہ صنعتی رجحانات سے روشناس کرانے کی اہمیت پر روشنی ڈالی تاکہ ان کی ملازمت کے حصول کی صلاحیت اور پیشہ ورانہ تیاری کو بہتر کیا جا سکے۔ عدینہ امبرین نے استقبالیہ کلمات پیش کیے، جبکہ مس نزیلہ زہرہ نے نظامت کے فرائض انجام دیے۔ طیبہ فاطمہ نے کلمات تشکر ادا کیے۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ


 rajesh pande