
حیدرآباد ،30 ستمبر(ہ س)۔
متحدہ نظام آباد ضلع سے تعلق رکھنے والے 4 افراد جوروس میں روزگار کی تلاش میں گئے تھے، وہ لاپتہ ہیں۔ اطلاعات کے مطابق روزگار کا لالچ دے کرایجنٹس نے اُنھیں جبری طورپرروس کی فوج میں شامل کردیا اوروہ یوکرین کے ساتھ جنگ میں وارزون میں پھنسے ہوئے ہیں۔ پرجاوانی پروگرام میں چاروں لاپتہ افراد کے رشتہ داروں نے پہونچ کر پرجاوانی کی انچارج جی وجیہ لکشمی سے مدد کی درخواست کی۔ وجیہ لکشمی تلنگانہ پلاننگ بورڈ کی نائب صدرنشین بھی ہیں اوراُنھوں نے لاپتہ تلنگانہ باشندوں کی تفصیلات حاصل کیں۔ افرادخاندان اوررشتہ داروں نے بتایا کہ جبراً فوج میں شمولیت کے بعد سے اُن کا رشتہ داروں سے کوئی رابطہ نہیں ہے۔ بی رویندر، ایس اشوک، ایم پرکاش اورمحمد افضل خان نے تقریباً 7 ماہ قبل روس میں روزگار کے وعدے پرسفرکیا۔ ایجنٹ نے آئیل کمپنی میں ملازمت کا بھروسہ دلایا تھا۔ بتایا جاتاہے کہ اُنھیں یوکرین سے لڑائی کے لئے وارزون میں ٹریننگ دی گئی اورروس کی فوج میں شامل کردیا گیا۔افرادخاندان نے چاروں کی زندگی کولاحق خطرہ کے پیش نظرحکومت سے مداخلت کی اپیل کی ہے۔ وجیہ لکشمی نے جی اے ڈی کے این آرآئی عہدیداروں کو وزارت خارجہ اورماسکومیں ہندوستانی سفارت خانہ سے ربط قائم کرتے ہوئے بحفاظت واپسی کو یقینی بنانے کی ہدایت دی۔ ماسکو میں ہندوستانی سفارت خانہ کو پیام روانہ کرتے ہوئے تلنگانہ کے شہریوں کی فوج سے علیحدگی اور بحفاظت واپسی کے لئے مداخلت کی خواہش کی گئی۔ وجیہ لکشمی نے افراد خاندان کو تلنگانہ حکومت کی جانب سے ہرممکنہ تعاون کا یقین دلایا۔ اُنھوں نے کہاکہ وزارت خارجہ کے ذریعہ چاروں تلنگانہ باشندوں کی بحفاظت واپسی کویقینی بنایا جائے گا۔ پرجاوانی کی اسٹیٹ نوڈل آفیسر کے ودیا ساگر اور این آر آئی اڈوائزری کمیٹی کے نائب صدرنشین بھیم ریڈی بھی اِس موقع پرموجود تھے۔
۔۔ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق