
آئیچی-ناگویا، 29 ستمبر (ہ س)۔ ہندوستانی خواتین کی 4x400 میٹر ریلے ٹیم نے ایشین گیمز 2026 میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے منگل کو سونے کا تمغہ اپنے نام کر لیا۔ کرن پہل، ایم پووما، پراچی اور وتھیا رام راج پر مشتمل ہندوستانی ٹیم نے فائنل میں 3:29.69 منٹ کا وقت نکال کر پہلی پوزیشن حاصل کی۔
بحرین نے 3:30.21 منٹ کے وقت کے ساتھ چاندی کا تمغہ، جبکہ چین نے 3:31.02 منٹ کے ساتھ کانسے کا تمغہ جیتا۔
اس سونے کے تمغے کے ساتھ ہندوستان نے اب تک ہوئے ایشین گیمز میں مجموعی طور پر اس مقابلے میں اپنا ساتواں ایشیائی کھیلوں کا سونے تمغہ حاصل کیا۔ اس کے ساتھ ہی ہندوستانی خواتین کی ٹیم نے 1982 کے نئی دہلی ایشین گیمز سے شروع ہونے والے ہر ایڈیشن میں تمغہ جیتنے کا 44 سال پرانا سلسلہ بھی برقرار رکھا۔ ہندوستان نے اس مقابلے میں آخری بار 2018 میں سونے کا تمغہ جیتا تھا۔
وِتھیا رام راج کے لیے بھی یہ ایشین گیمز انتہائی کامیاب رہے ہیں۔ انہوں نے خواتین کی 400 میٹر رکاوٹوں کی دوڑ میں قومی ریکارڈ کے ساتھ کانسے کا تمغہ اور مکسڈ 4x400 میٹر ریلے میں چاندی کا تمغہ جیتنے کے بعد اب سونے کا تمغہ بھی اپنے نام کیا۔
یہ ایشین گیمز 2026 میں ہندوستان کا چھٹا سونے کاتمغہ تھا۔ منگل کو ہندوستان کا یہ دوسرا سونے کا تمغہ تھا۔ اس سے قبل نشانے باز نیرو دھانڈا نے خواتین کے انفرادی ٹریپ مقابلے میں ایشین ریکارڈ کے ساتھ سونے کا تمغہ جیتا تھا۔
خواتین 4x400 میٹر ریلے فائنل کے نتائج:
ہندوستان — 3:29.69، سونے کا تمغہ
بحرین — 3:30.21، چاندی
چین — 3:31.02، کانسہ
جاپان — 3:31.44
ویتنام — 3:32.28
قازقستان — 3:33.76
سری لنکا — 3:34.90
چینی تائپے — 3:41.13
ہانگ کانگ — مقابلے کا آغاز نہیں کیا
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد