
ڈی جی پی نے راجوری میں اعلیٰ سطحی سیکورٹی جائزہ اجلاس منعقد کیا
جموں، 29 ستمبر (ہ س)۔ جموں و کشمیر پولیس کے سربراہ نلین پربھات نے انسپکٹر جنرل آف پولیس جموں زون تیجندر سنگھ کے ہمراہ راجوری میں اعلیٰ پولیس افسران کے ساتھ ایک اعلیٰ سطحی سیکورٹی جائزہ اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں ضلع میں جاری انسدادِ دہشت گردی کارروائیوں، موجودہ سیکورٹی صورتحال اور سیکورٹی گرڈ کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کے دوران افسران نے حالیہ آپریشنز، زمینی صورتحال، انٹیلی جنس نیٹ ورک، آپریشنل تیاریوں اور ممکنہ سیکورٹی خطرات سے نمٹنے کے لیے کیے گئے اقدامات کے بارے میں ڈی جی پی اور آئی جی جموں کو بریفنگ دی۔
ڈی جی پی نلین پربھات نے تمام سیکورٹی ایجنسیوں کے درمیان قریبی تال میل اور انٹیلی جنس معلومات کے مؤثر تبادلے پر زور دیتے ہوئے مسلسل چوکسی برقرار رکھنے کی ہدایت دی۔
انہوں نے حساس اور سرحدی علاقوں میں نگرانی مزید مضبوط بنانے اور کسی بھی ممکنہ خطرے سے نمٹنے کے لیے پیشگی اقدامات کرنے پر بھی زور دیا۔
اجلاس میں آپریشنل ضروریات کا بھی جائزہ لیا گیا اور افسران کو ہدایت دی گئی کہ وہ فیلڈ سطح پر تیاریوں، انٹیلی جنس نظام اور سیکورٹی فورسز کے درمیان رابطہ کاری کو مزید مستحکم کریں تاکہ راجوری میں امن و امان اور عوام کی سلامتی کو یقینی بنایا جا سکے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر