
ممبئی، 29 ستمبر (ہ س)۔ بھارتی سنیما کے معروف فلم ساز رام گوپال ورما اور سندیپ ریڈی وانگا کی حالیہ ملاقات نے فلمی دنیا میں بحث چھیڑ دی ہے۔ رام گوپال ورما نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر سندیپ ریڈی وانگا کے ساتھ ایک تصویر شیئر کی، جس میں دونوں ہدایت کار ایک ساتھ نظر آ رہے ہیں۔ تصویر کے ساتھ لکھا گیا ان کا کیپشن بھی لوگوں کی توجہ اپنی جانب کھینچ رہا ہے۔ فلم شائقین اسے وانگا کی آنے والی فلم ’اسپرٹ‘ سے جوڑ کر دیکھ رہے ہیں، جس کی وجہ سے یہ تصویر سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔
دونوں ہدایت کار ان دنوں پروڈیوسر بھوشن کمار اور ٹی سیریز کے ساتھ اپنی اپنی فلموں میں مصروف ہیں۔ سندیپ ریڈی وانگا کی انتہائی متوقع فلم ’اسپرٹ‘ میں پربھاس مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں۔ ایکشن اور ڈرامے سے بھرپور اس فلم کو لے کر ناظرین میں کافی جوش و خروش ہے۔ پروڈیوسروں نے اس کی ریلیز 5 مارچ 2027 کے لیے مقرر کی ہے۔ فلم کے اعلان کے بعد سے ہی اسے لے کر مسلسل چرچا برقرار ہے۔
دوسری جانب، رام گوپال ورما اپنی آنے والی ایکشن کرائم فلم ’پولیس کمپنی‘ کی ہدایت کاری کر رہے ہیں۔ اس فلم میں اداکار ہرش وردھن رانے مرکزی کردار میں نظر آئیں گے۔ بتایا جا رہا ہے کہ کہانی ممبئی پولیس کی اس خصوصی ٹیم سے متاثر ہے، جس نے 1990 کی دہائی کے آخری برسوں اور 2000 کی دہائی کے ابتدائی دور میں منظم جرائم کے خلاف مہم چلائی تھی۔ دونوں ہدایت کاروں کی یہ ملاقات اور ان کے آنے والے پروجیکٹس فلمی دنیا میں موضوعِ بحث بنے ہوئے ہیں۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالواحد