
نئی دہلی، 29 ستمبر (ہ س)۔ مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے منگل کو دہلی میں بارہ پلا ایلیویٹڈ کوریڈور فیز3 اور مکربا چوک انڈر پاس کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر انہوں نے مودی مل فلائی اوور کو کالکاجی تک توسیع دینے اور ساوتری سنیما کے قریب ایک نئے فلائی اوور کی تعمیر کا سنگ بنیاد بھی رکھا۔ ان منصوبوں کا مقصد دہلی کے مختلف علاقوں میں ٹریفک کی روانی بہتر بنانا اور اہم چوراہوں پر ٹریفک جام کے دباؤ کو کم کرنا ہے۔
بارہ پلا فیز3 کا 3.5 کلومیٹر طویل ایلیویٹڈ کوریڈور مایور وہار فیز1 کو سرائے کالے خان سے جوڑے گا۔ یہ موجودہ بارہ پلا کوریڈور سے منسلک ہوکر تقریباً 9 کلومیٹر طویل سگنل فری راستے کا حصہ بن جائے گا۔ اس سے مشرقی دہلی سے جنوبی دہلی اور ایمس کی جانب آنے جانے والے مسافروں کو بہتر رابطہ سہولت ملنے کی امید ہے۔
حکام کے مطابق میور وہار اور نوئیڈا کی جانب سے سرائے کالے خان کے راستے جنوبی دہلی اور ایمس جانے میں لگنے والا وقت تقریباً 35 سے 45 منٹ سے گھٹ کر 15 منٹ کے قریب ہوسکتا ہے۔ منصوبے میں 8 ریمپ کے علاوہ سائیکل ٹریک، پیدل چلنے والوں کے لیے سہولیات اور دریائے یمنا پر ایکسٹرا ڈوزڈ پل بھی شامل ہیں۔
بارہ پلا فیز3 منصوبے کو 2014 میں منظوری ملی تھی اور تعمیراتی کام 2015 میں شروع ہوا تھا۔ اسے ابتدائی طور پر 2017 تک مکمل کیا جانا تھا، لیکن مختلف وجوہات کی بنا پر اس میں طویل تاخیر ہوئی اور لاگت بھی بڑھ گئی۔ منصوبے کی ابتدائی تخمینی لاگت 1,260.63 کروڑ روپے تھی، جسے بعد میں نظرثانی کرکے تقریباً 1,635 کروڑ روپے کردیا گیا۔ دہلی حکومت نے مارچ 2026 میں منصوبے کی نظرثانی شدہ لاگت 1,635.03 کروڑ روپے منظور کی تھی۔
مکربا چوک انڈر پاس میں تین انڈر پاس شامل ہیں۔ اسے آؤٹر رنگ روڈ اور قومی شاہراہ44 سے آنے جانے والی ٹریفک کو سہولت فراہم کرنے کے مقصد سے تیار کیا گیا ہے۔ اس کے شروع ہونے سے اس اہم چوراہے پر ٹریفک نظام میں بہتری آنے کی امید ہے۔
اس موقع پر دہلی کی وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا نے عام آدمی پارٹی (عاپ) کی سابقہ حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اس کے دور حکومت میں ترقیاتی منصوبے ’’لٹکے، اٹکے اور بھٹکے‘‘ رہتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی حکومت زیر التوا منصوبوں کو مکمل کرنے پر توجہ دے رہی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے بارہ پلا منصوبے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اسے ابتدائی طور پر 2017 تک مکمل کیا جانا تھا، لیکن اس میں طویل تاخیر ہوئی۔
مودی مل فلائی اوور کو کالکاجی تک توسیع دینے اور ساوتری سنیما کے قریب نئے فلائی اوور کی تعمیر کی مشترکہ تخمینی لاگت تقریباً 371.75 کروڑ روپے بتائی گئی ہے۔ ان منصوبوں کا مقصد مودی مل، کالکاجی، ساوتری سنیما اور آس پاس کی اہم سڑکوں پر ٹریفک کی روانی بہتر بنانا ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Khan