
پٹنہ، 29 ستمبر(ہ س)۔وزیر اعلیٰ سمراٹ چودھری نے آج پھلواری شریف ہائی اسکول کے احاطے میں واقع آنگن باڑی مرکز نمبر 137 میں منعقدہ پروگرام میں ریاست گیر سطح پر ’’آنگن کا ملن‘‘ پروگرام کا شمع روشن کر کے افتتاح کیا۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے آنگن باڑی مرکز کے بچوں اور سیویکا سے گفتگو کرکے مرکز میں دستیاب سہولتوں اور وہاں چلائی جانے والی سرگرمیوں کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔
وزیر اعلیٰ نے بچوں سے بات کے دوران ان کی پڑھائی اور سرگرمیوں کے بارے میں معلومات حاصل کی۔ بچوں نے وزیر اعلیٰ کے سامنے نظمیں پیش کیں اور اپنا تعارف کرایا۔ وزیر اعلیٰ نے بچوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے ان کے درمیان مٹھائیاں تقسیم کیں۔ پروگرام کے دوران وزیر اعلیٰ نے محکمہ سماجی فلاح اور ڈائریکٹوریٹ اور انٹیگریٹڈ چائلڈ ڈیولپمنٹ خدمات کی جانب سے لگائے گئے مختلف اسٹالوں کا معائنہ کیا۔ اس دوران وزیر اعلیٰ نے ’وزیر اعلیٰ کنیا اتھان منصوبہ‘ اور وزیر اعظم ماتر وندنا منصوبہ‘ کے مستفیدین کو علامتی چیک دیا۔ انہوں نے خواتین کی گود بھرائی کی رسم ادا کی اور بچوں کو پہلی بار اناج کھلایا۔
وزیر اعلیٰ نے آنگن باڑی سیویکا، سہائیکا اور آشا دیدی کو توصیفی اسناد دے کر اعزاز سے نوازا۔ اس کے ساتھ ہی مستفیدین کے درمیان غذائیت سے بھرپور کٹس تقسیم کی گئیں۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے ’’سپوشِت بچپن کی رسوئی‘‘(صحت مند بچپن کا باوچی خانہ)نام کے کتابچہ کا اجرا بھی کیا ۔
وزیر اعلیٰ نے ’’آنگن کا ملن‘‘ پروگرام کے تحت مستفیدین سے گفتگو کی۔ ’وزیر اعظم ماتر وندنا منصوبہ‘ اور وزیر اعلیٰ کنیا اتھان منصوبہ کے مستفیدین نے ان اسکیموں کے تحت ملنے والی امداد اور آنگن باڑی مراکز سے حاصل ہونے والی خدمات کے حوالے سے اپنے تجربات بیان کیے۔ مستفیدین نے وزیر اعلیٰ کو بتایا کہ اسکیموں کے ذریعے حاصل ہونے والی مالی امداد کا استعمال غذائیت، خوراک اور صحت سے متعلق ضروریات پوری کرنے میں کیا جا رہا ہے۔ آنگن باڑی مراکز میں ٹیکہ کاری، بچوں کے وزن اور قد کی باقاعدہ نگرانی اور غذائیت سے متعلق سہولیات بھی فراہم کی جا رہی ہیں۔ اس دوران ایک مستفید نے وزیر اعلیٰ کو مشورہ دیا کہ آنگن باڑی مراکز میں بچوں کے لیے کھلونوں کی سہولت کو مزید بہتر بنایا جائے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ آپ تمام بہنوں کے آشیرواد سے حکومت بنی ہے اور حکومت آپ کے دروازے تک پہنچ کر ہر ممکن مدد فراہم کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آنگن باڑی مراکز میں بچوں کو مزید بہتر سہولیات کس طرح فراہم کی جا سکتی ہیں، اس سلسلے میں مستفیدین اور مقامی لوگ اپنی تجاویز حکومت تک پہنچائیں۔ حکومت ضروری اصلاحات کے لیے ہر ممکن قدم اٹھائے گی۔مستفیدین کی تجاویز کو اہم قرار دیتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ زچگی سے پہلے اور بعد میں ماؤں اور بچوں کو مزید بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لیے حکومت مسلسل کام کر رہی ہے۔ جن آنگن باڑی مراکز کی اپنی عمارت نہیں ہے، وہاں عمارت کی تعمیر کے لیے بھی کوششیں کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کا مقصد ماں اور بچے دونوں کو صحت مند رکھنا اور بچوں کو معیاری ابتدائی تعلیم اور مناسب غذائیت فراہم کرنا ہے۔ آنگن باڑی سیویکا اور سہائیکا خدمت کے جذبے کے ساتھ کام کر رہی ہیں۔ ریاست میں تقریباً 1,15,000 آنگن باڑی سیویکا اور سہائیکا بچوں اور خاندانوں کی خدمت میں مصروف ہیں۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ تمام آنگن باڑی مراکز میں بچوں کو باقاعدگی سے غذائیت سے بھرپور کھانا، پھل اور دودھ فراہم کرنے پر توجہ دی جا رہی ہے۔ بچوں کو مستقل طور پرآنگن باڑی مراکز سے جوڑنے اور انہیں مناسب غذائیت فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر سماج کے بچے مضبوط ہوں گے تو ریاست اور ملک بھی مضبوط ہوگا۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم محترم جناب نریندر مودی جی اور سابق وزیر اعلیٰ محترم جناب نتیش کمار جی کی قیادت میں چلائی جانے والی مختلف عوامی فلاح و بہبود کی اسکیموں کو آگے بڑھایا جا رہا ہے۔ ہماری کوشش ہے کہ اہل مستفیدین کو اسکیموں کا فائدہ ملے۔ انہوں نے آنگن باڑی مراکز سے اپیل کی کہ گاؤں کے تمام چھوٹے بچوں کو آنگن باڑی مراکز سے جوڑنے کی کوشش کی جائے۔پروگرام کے دوران سماجی فلاح کی وزیر ڈاکٹر شویتا گپتا نے وزیر اعلیٰ کو سبز پودا، شال اور مومنٹو پیش کرکے ان کا استقبال کیا۔ مقامی عوامی نمائندوں نے بھی وزیر اعلیٰ کا خیرمقدم کیا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Afzal Hassan