
نئی دہلی، 28 ستمبر (ہ س)۔
ایشین گیمز 2026 میں 28 ستمبر کا دن بھارت کے لیے تمغوں کے لحاظ سے شاندار رہا۔ بھارتی کھلاڑیوں نے پیر کے روز مجموعی طور پر آٹھ تمغے اپنے نام کیے، جن میں چار چاندی اور چار کانسی کے تمغے شامل ہیں۔ دن کی نمایاں کارکردگی شوٹر ایشا سنگھ، ایتھلیٹ گل ویر سنگھ، مرلی شری شنکر اور جیولین تھرو کے کھلاڑی یشویر سنگھ نے پیش کی، جنہوں نے چاندی کے تمغے جیتے۔
ایشا سنگھ نے خواتین کے 25 میٹر پسٹل مقابلے میں چاندی کا تمغہ جیتا۔ وہ سونے کے تمغے کے لیے چین کی شیاو¿ جیاروی شوان کے خلاف شوٹ آف تک پہنچیں، لیکن فیصلہ کن مقابلے میں معمولی فرق سے پیچھے رہ گئیں۔
کوراش میں پنکی بلہارا نے خواتین کے 78 کلوگرام زمرے میں کانسی کا تمغہ جیتا۔ پنکی کو سیمی فائنل میں جنوبی کوریا کی سومِن مو کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
ایتھلیٹکس میں بھی بھارت کو کئی تمغے حاصل ہوئے۔ گل ویر سنگھ نے مردوں کی 1500 میٹر دوڑ میں 3:36.72 سیکنڈ کے ذاتی بہترین وقت کے ساتھ چاندی کا تمغہ جیتا۔ وہیں مرلی شری شنکر نے مردوں کی لانگ جمپ میں 8.07 میٹر کی چھلانگ لگا کر چاندی کا تمغہ اپنے نام کیا۔
وِتھیا رام راج نے خواتین کی 400 میٹر بادھا دوڑ میں 54.75 سیکنڈ کے قومی ریکارڈ وقت کے ساتھ کانسی کا تمغہ جیتا۔ پارول چودھری نے خواتین کی 5000 میٹر دوڑ میں 15:14.61 سیکنڈ کے وقت کے ساتھ کانسی کا تمغہ حاصل کیا۔
مردوں کے جیولین تھرو مقابلے میں بھارت نے دو تمغے جیتے۔ یشویر سنگھ نے 85.72 میٹر کی ذاتی بہترین تھرو کے ساتھ چاندی کا تمغہ، جبکہ روہت یادو نے 84.35 میٹر کی کوشش کے ساتھ کانسی کا تمغہ اپنے نام کیا۔ سری لنکا کے رومیش پاتھیراگے نے 88.55 میٹر کی تھرو کے ساتھ طلائی تمغہ جیتا۔
ان تمغوں کے ساتھ بھارت کے مجموعی تمغوں کی تعداد 45 ہو گئی ہے۔ بھارت کے کھاتے میں اب چار طلائی، 20 چاندی اور 21 کانسی کے تمغے ہیں اور وہ تمغوں کی فہرست میں 12ویں مقام پر ہے۔
چین 130 طلائی، 53 چاندی اور 45 کانسی سمیت مجموعی طور پر 228 تمغوں کے ساتھ تمغوں کی فہرست میں سرفہرست ہے۔ میزبان جاپان 41 طلائی، 68 چاندی اور 62 کانسی سمیت 171 تمغوں کے ساتھ دوسرے مقام پر ہے۔ جنوبی کوریا 21 طلائی، 26 چاندی اور 43 کانسی سمیت 90 تمغوں کے ساتھ تیسرے مقام پر ہے۔
ازبکستان 12 طلائی، 17 چاندی اور 13 کانسی سمیت 42 تمغوں کے ساتھ چوتھے، جبکہ قزاقستان 9 طلائی، 13 چاندی اور 23 کانسی سمیت 45 تمغوں کے ساتھ پانچویں مقام پر ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / عطاءاللہ