
نئی دہلی، 28 ستمبر (ہ س)۔
مرکزی وزیر صحت و خاندانی بہبود جے پی نڈا نے پیر کو لیڈی ہارڈنگ میڈیکل کالج اور اس سے منسلک اسپتالوں—سچیٹا کرپلانی اسپتال اور کلاوتی سرن چلڈرن اسپتال—میں صحت کی سہولیات اور ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا۔
جائزے کے دوران کلاوتی سرن چلڈرن اسپتال کی توسیعی سرگرمیوں کے بارے میں معلومات دی گئیں۔ اسپتال انتظامیہ نے بتایا کہ اسپتال میں بستروں کی تعداد 394 سے بڑھا کر 894 کی جا رہی ہے۔ اسی طرح آئی سی یو کے بستروں کی تعداد 40 سے بڑھا کر 200 اور آپریشن تھیٹروں کی تعداد 4 سے بڑھا کر 12 کرنے کا منصوبہ ہے۔ اسپتال کے احاطے میں تعمیراتی کام جاری ہے۔
اس موقع پر جے پی نڈا نے کہا کہ اسپتالوں میں جاری اور مجوزہ منصوبوں کی منصوبہ بندی مریضوں کو مرکز میں رکھتے ہوئے اور مستقبل کی ضروریات کو مدنظر رکھ کر کی جانی چاہیے۔ انہوں نے تعمیراتی کام کے معیار اور منصوبوں کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے پر زور دیا۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ ڈاکٹروں، نرسوں اور دیگر طبی عملے کی بھرتی بھی بنیادی ڈھانچے کی توسیع کے ساتھ ساتھ کی جانی چاہیے۔
وزیر صحت نے لیڈی ہارڈنگ میڈیکل کالج اور اس سے منسلک اسپتالوں کے لیے طویل مدتی ماسٹر پلان تیار کرنے پر بھی زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ اس منصوبے میں فوری ضروریات کے ساتھ آنے والے برسوں میں صحت کی خدمات، طبی تعلیم اور تحقیق سے متعلق ضروریات کو بھی شامل کیا جانا چاہیے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / عطاءاللہ