
۔ایس جی پی سی صدر ہرجندر سنگھ دھامی اور گیانی کلدیپ سنگھ گڑگج نے استقبال کیا
امرتسر، 28 ستمبر (ہ س)۔ ہندوستان میں امریکہ کے سفیر سرجیو گور نے پیر کو 28 رکنی امریکی وفد کے ساتھ سچکھنڈ سری ہرمندر صاحب میں حاضری دی اور عقیدت کا اظہار کیا۔ اس دوران انہوں نے گربانی کیرتن سنا اور سری ہرمندر صاحب کی مریادا اور سیوا کی روایت کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ امریکی سفیر کے دورے سے قبل گولڈن ٹیمپل میں سکیورٹی سخت کرتے ہوئے 150 اہلکار تعینات کیے گئے تھے۔
بتایا جاتا ہے کہ گور کا سری ہرمندر صاحب کا یہ دوسرا دورہ ہے۔ وہ تقریباً 15 سال قبل بھی یہاں آچکے ہیں۔ شرومنی گوردوارہ پربندھک کمیٹی (ایس جی پی سی) کے صدر ایڈووکیٹ ہرجندر سنگھ دھامی اور سری اکال تخت صاحب کے قائم مقام جتھیدار گیانی کلدیپ سنگھ گڑگج نے انفارمیشن سینٹر میں امریکی سفیر کا استقبال کیا۔ انہیں سری ہرمندر صاحب کا سنہری ماڈل، مذہبی کتابیں اور لوئی پیش کرکے اعزاز سے نوازا گیا۔
گیانی کلدیپ سنگھ گڑگج نے کہا کہ سری ہرمندر صاحب میں دنیا کے مختلف ممالک اور مذاہب سے تعلق رکھنے والے لوگ آتے ہیں اور گرو گھر کی روایت کے مطابق ہر شخص کا احترام کیا جاتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ امریکی وفد کے ساتھ امریکہ میں مقیم سکھ برادری سے متعلق مختلف مسائل پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران امریکہ میں حال ہی میں ’مسٹر سنگھ‘ نام کے استعمال سے متعلق امریکی محکمہ ہوم لینڈ سکیورٹی کے ایک پوسٹر کا معاملہ بھی اٹھایا گیا۔ ایس جی پی سی نے پہلے اس پوسٹ پر اعتراض کرتے ہوئے امریکی سفارت خانے کو خط لکھا تھا، جس کے بعد متنازعہ پوسٹ ہٹا دی گئی تھی۔ دھامی نے امریکی وفد سے کہا کہ مستقبل میں ایسی صورت حال دوبارہ پیدا نہ ہو، اس کے لیے ضروری اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ کی ترقی میں پنجابیوں اور بالخصوص سکھ برادری کا اہم کردار رہا ہے۔ ساتھ ہی وہاں رہنے والی تمام برادریوں کی سلامتی یقینی بنانے پر بھی زور دیا۔
سرجیو گور نے وزیٹر بک میں اپنے تاثرات درج کرتے ہوئے سری ہرمندر صاحب کا دوبارہ دورہ اپنے لیے ایک خصوصی تجربہ قرار دیا۔ اس موقع پر ایس جی پی سی کے مختلف عہدیدار، سری دربار صاحب کے افسران اور امریکی وفد کے ارکان سمیت متعدد معزز شخصیات موجود تھیں۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد