تھپڑ واقعے پر پرویش صاحب سنگھ کی وضاحت، آپ کارکن پر اہل خانہ کو گالیاں دینے کا الزام
نئی دہلی، 27 ستمبر (ہ س)۔ دہلی کے تعمیرات عامہ کے وزیر پرویش صاحب سنگھ نے تلک نگر میں سڑک کے معائنے کے دوران ایک نوجوان کو تھپڑ مارنے کے واقعے پر اپنی صفائی پیش کی ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ عام آدمی پارٹی (آپ) کے رکن اسمبلی جرنیل سنگھ کمیشن نہ مل
تھپڑ واقعے پر پرویش صاحب سنگھ کی وضاحت، آپ کارکن پر اہل خانہ کو گالیاں دینے کا الزام


نئی دہلی، 27 ستمبر (ہ س)۔ دہلی کے تعمیرات عامہ کے وزیر پرویش صاحب سنگھ نے تلک نگر میں سڑک کے معائنے کے دوران ایک نوجوان کو تھپڑ مارنے کے واقعے پر اپنی صفائی پیش کی ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ عام آدمی پارٹی (آپ) کے رکن اسمبلی جرنیل سنگھ کمیشن نہ ملنے پر رات میں بنائی گئی سڑک کو صبح ہی اکھڑوا دیتے ہیں۔ وزیر نے کہا کہ اتوار کو معائنے کے دوران آپ کے ایک کارکن نے سرکاری کام میں رکاوٹ ڈالنے کے ساتھ ان کے اہل خانہ کو گالیاں بھی دیں۔پرویش صاحب سنگھ نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو جاری کرکے اپنا موقف پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ وکاس پوری رنگ روڈ پر گزشتہ کئی دنوں سے سڑک کی تعمیر کا کام جاری ہے۔ ان کے مطابق مقامی رکن اسمبلی جرنیل سنگھ پی ڈبلیو ڈی کے انجینئروں پر دباؤ ڈال رہے تھے کہ انہیں ٹھیکیدار سے ملایا جائے اور ان کے لیے کمیشن کا انتظام کیا جائے۔ وزیر نے دعویٰ کیا کہ یہ مطالبہ کافی عرصے سے کیا جا رہا تھا۔

وزیر نے کہا کہ ان کے ایک انجینئر نے پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کرائی ہے اور ایف آئی آر درج کرانے کی کارروائی جاری ہے۔ ان کے مطابق جرنیل سنگھ کو کمیشن نہیں ملا، اس لیے وہ صبح تعمیراتی مقام پر جاتے تھے اور رات میں بنائی گئی سڑک کو اکھڑوا دیتے تھے۔ اس کے بعد ویڈیو بنا کر پوسٹ کرتے اور بدعنوانی کا الزام لگاتے تھے۔

پرویش صاحب سنگھ نے کہا کہ اتوار کو وہاں سے گزرتے ہوئے انہوں نے انجینئروں سے کہا کہ وہ خود سڑک کے کام کا معائنہ کرنا چاہتے ہیں۔ ان کے مطابق معائنے کے دوران کام اچھی طرح چل رہا تھا۔ مقامی لوگوں نے بتایا کہ یہ سڑک گزشتہ 15 سال سے تعمیر نہیں ہوئی تھی اور ڈیڑھ دہائی بعد اب اس کی تعمیر ہو رہی ہے۔وزیر نے کہا کہ انہوں نے خود جرنیل سنگھ کو تین مرتبہ فون کیا اور تقریباً 45 منٹ تک ان کا انتظار کیا۔ ان کے مطابق انہوں نے اپنی پارٹی کے کسی کارکن کو تعمیراتی مقام پر نہیں بلایا تھا۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ جب جرنیل سنگھ وہاں پہنچے تو وہ اپنے ساتھ کچھ کارکنوں کو لائے، جنہیں پہلے ہی اس بارے میں بتایا گیا تھا، اور انہوں نے آتے ہی بدتمیزی شروع کردی۔ پرویش صاحب سنگھ کے مطابق جب ان کے ایک کارکن نے ان کے اہل خانہ کو گالیاں دینا شروع کیں تو انہوں نے بھی غصے میں ردعمل ظاہر کیا۔

قابل ذکر ہے کہ اتوار کو تلک نگر میں سڑک کے معائنے کے دوران تعمیرات عامہ کے وزیر پرویش صاحب سنگھ پر ایک نوجوان کو تھپڑ مارنے کا الزام عائد کیا گیا تھا۔ واقعے سے متعلق ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد عام آدمی پارٹی نے دہلی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا۔آپ کے قومی کنوینر اور دہلی کے سابق وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر متعلقہ ویڈیو جاری کرتے ہوئے اس واقعے کو غنڈہ گردی قرار دیا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ سڑک کی تعمیر میں بدعنوانی کی نشاندہی کرنے پر وزیر نے نوجوان کو سرعام تھپڑ مارا۔ کیجریوال نے کہا کہ وہ اگلے روز تلک نگر جاکر سڑک کا معائنہ کریں گے۔

متاثرہ نوجوان نے بتایا کہ وہ رکن اسمبلی جرنیل سنگھ کی سوشل میڈیا سرگرمیوں کو دیکھتا ہے۔ اس کے مطابق پی ڈبلیو ڈی کی جانب سے اسے سڑک کی حالت دکھانے کے لیے بلایا گیا تھا، اسی لیے وہ وہاں پہنچا تھا۔ نوجوان کا دعویٰ ہے کہ اس نے سڑک کی سطح کے ٹوٹنے اور اکھڑنے کی صورتحال دکھائی۔نوجوان نے الزام لگایا کہ اس بارے میں معلومات دینے پر وزیر برداشت نہیں کر سکے اور انہوں نے اس پر ہاتھ اٹھایا، ساتھ ہی اس کے ساتھیوں کو جان سے مارنے کی دھمکی بھی دی۔

تلک نگر سے آپ کے رکن اسمبلی جرنیل سنگھ نے کہا کہ وزیر پرویش صاحب سنگھ نے سڑک کی حالت کی ویڈیو بنا رہے نوجوان کو تھپڑ مارا۔ ان کے مطابق انہیں امید تھی کہ وزیر سڑک کا معائنہ کریں گے، معیار کی جانچ کریں گے اور شاید متعلقہ افسران کے خلاف کارروائی کریں گے۔جرنیل سنگھ نے کہا کہ وزیر نے ان سے پوچھا تھا کہ سڑک کہاں سے ٹوٹ رہی ہے۔ جب انہوں نے دکھایا کہ پوری سڑک کی سطح قالین کی طرح اکھڑ رہی ہے تو کارروائی کرنے کے بجائے وزیر نے واقعے کی ویڈیو بنا رہے نوجوان کو تھپڑ مار دیا۔ انہوں نے وزیر کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستان سماچار / Mohammad Khan


 rajesh pande