


گاوں میں سڑکوں کا جال بچھا کر ترقی کو رفتار دی جا رہی ہے: شیوراج سنگھ چوہان
- مرکزی وزیر زراعت نے سیہور ضلع کے اچھاور علاقے میں 36 پردھان منتری گرام سڑکوں کا کیا بھومی پوجن، 41 بستیوں کی آبادی کو فائدہ ملے گا
بھوپال، 27 ستمبر (ہ س)۔
مرکزی وزیر زراعت و دیہی ترقی شیوراج سنگھ چوہان نے کہا کہگاوں میں سڑکوں کا جال بچھا کر ترقی کو رفتار دی جا رہی ہے۔ سڑکوں کے رابطے مستحکم ہونے سے دیہی باشندوں کی آمد و رفت آسان ہوگی۔ ساتھ ہی تجارت، کاروبار اور مقامی معاشی سرگرمیوں کو بھی فروغ ملے گا۔
مرکزی وزیر زراعت چوہان اتوار کو مدھیہ پردیش کے ضلع سیہور میں سڑکوں کے بھومی پوجن پروگرام سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے اچھاور اور بھیروندا علاقے میں مختلف ترقیاتی کاموں کا بھومی پوجن اور افتتاح کیا۔ اچھاور بلاک کے گاوں بوردی میں منعقدہ پروگرام میں انہوں نے پردھان منتری گرام سڑک یوجنا کے تحت منظور شدہ 36 سڑکوں کے تعمیراتی کام کا بھومی پوجن کیا۔ ان سڑکوں سے خطے کے 36 گاوں کی 41 بستیاں اہم شاہراہوں سے جڑیں گی۔ اس سے دیہی علاقوں میں آمد و رفت کی سہولت بڑھنے کے ساتھ ہی علاقے کی کنیکٹیویٹی کو بھی مضبوطی حاصل ہوگی۔
پروگرام میں مرکزی وزیر زراعت نے افسران کو ہدایت دی کہ پردھان منتری گرام سڑک یوجنا کے تحت منظور شدہ تمام سڑکوں کی تعمیر ایک سال میں مکمل کی جائے۔ سڑک کی تعمیر میں معیار اور مقررہ مدت کے ساتھ کسی بھی قسم کا سمجھوتہ نہیں ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ خطے کی ترقی کے لیے سڑکوں کا بہتر رابطہ ناگزیر ہے۔ باقی اہل سڑکوں کو بھی اسکیم میں شامل کرانے کی کوشش کی جائے، تاکہ کوئی بھی گاوں آمد و رفت کی بہتر سہولت سے محروم نہ رہے۔
مرکزی وزیر زراعت چوہان نے اچھاور علاقے کے کسانوں کو بڑا تحفہ دیتے ہوئے کرشی وگیان کیندر کے قیام کا اعلان کیا۔ انہوں نے بتایا کہ اس کے لیے بھاوکھیڑی کے قریب 50 ایکڑ اراضی فراہم کی گئی ہے۔ کرشی وگیان کیندر میں پھل، پھول، سبزی اور اناج سمیت مختلف فصلوں پر سائنسی تجربات اور تحقیق کی جائے گی، نیز کسانوں کو جدید زرعی تکنیک سے جوڑا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سائنسی طریقوں کے ذریعے پیداوار بڑھانے اور کسانوں کی آمدنی میں اضافے کی کوششیں کی جائیں گی۔
بھیروندا میں منعقدہ پروگرام میں چوہان نے کہا کہ وہ خود کو وزیر نہیں بلکہ عوام کا خادم سمجھتے ہیں۔ عوام کے مسائل سننا اور ان کا ازالہ کرنا ان کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ علاقے کے لوگوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرانے کے لیے مسلسل کوششیں کی جا رہی ہیں۔ اس کے بعد انہوں نے بھیروندا میں واقع ماما کوچنگ پہنچ کر طلبہ سے بات چیت کی اور ان کی پڑھائی نیز مستقبل کی تیاریوں کے سلسلے میں تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے بھیروندا میں ساندیپنی اسکول کا افتتاح بھی کیا۔
مرکزی وزیر زراعت نے دیہی باشندوں سے گاوں کو نشہ سے پاک بنانے کے لیے اجتماعی کوششیں کرنے کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ نشے سے خاندان اور سماج دونوں متاثر ہوتے ہیں۔ انہوں نے غیر قانونی شراب کے کاروبار سے جڑے افراد سے یہ کام چھوڑ کر متبادل روزگار اختیار کرنے کی اپیل کی اور ایسے لوگوں کو دیگر روزگار سے جوڑنے کی کوششوں کا اعادہ کیا۔ خواتین کے احترام پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بہن بیٹیوں کے ساتھ جرم کرنے والوں کے خلاف سخت ترین کارروائی ہونی چاہیے اور سماج کو بھی ایسے جرائم کے خلاف حساس اور بیدار رہنا ہوگا۔
چوہان نے کہا کہ مدھیہ پردیش میں پردھان منتری آواس یوجنا کے تحت رواں سال غریب خاندانوں کے لیے 8 لاکھ پکے مکانات تعمیر کیے جائیں گے۔ انہوں نے افسران سے کہا کہ کوئی بھی اہل خاندان آواس یوجنا کے فائدے سے محروم نہ رہے۔ اگر کسی اہل مستفید کا نام فہرست میں چھوٹ گیا ہے تو اسے ضابطے کے مطابق شامل کرانے کی کارروائی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ غریب خاندانوں کو پکا مکان مہیا کرانا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
پروگرام میں ایم پی کے وزیر ریونیو کرن سنگھ ورما نے کہا کہ اچھاور اسمبلی حلقے میں 36 پردھان منتری گرام سڑکوں کا آج بھومی پوجن ہو رہا ہے۔ ان سڑکوں کی تعمیر سے علاقے کے 41 دیہات کی 19 ہزار سے زائد آبادی کو آمد و رفت کی بہتر سہولت میسر آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو اور مرکزی وزیر زراعت چوہان کی قیادت میں ریاست کے ساتھ ساتھ ضلع سیہور میں بھی تیز رفتاری سے ترقیاتی کام ہو رہے ہیں۔ دیہی علاقوں میں سڑک، بنیادی ڈھانچے اور دیگر ضروری سہولیات کی توسیع سے ترقی کے سفر کو مزید تقویت مل رہی ہے۔
پنچایت و دیہی ترقی کے وزیر پرہلاد سنگھ پٹیل نے کہا کہ سڑکیں معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہیں۔ کسی بھی شخص کو کہیں جانا ہو تو اسے سڑک کے ذریعے ہی سفر کرنا پڑتا ہے۔ ریاست میں گزشتہ چند برسوں میں گاوں گاوں تک سڑکوں کا وسیع نیٹ ورک قائم کیا گیا ہے۔ حکومت کی کوشش ہے کہ ریاست کا کوئی بھی گاوں سڑک سے محروم نہ رہے اور تمام گاوں کو آمد و رفت کی عمدہ سہولت سے مربوط کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ گاوں میں صفائی برقرار رکھنا محض حکومت کی ذمہ داری نہیں ہے بلکہ یہ پورے سماج اور ہر دیہی باشندے کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔ صاف ستھرے اور صحت مند گاوں کے لیے عوامی شرکت ضروری ہے۔ انہوں نے دیہی باشندوں سے صفائی کو اپنے معمولات کا حصہ بنانے اور گاوں کو صاف رکھنے میں سرگرم کردار ادا کرنے کی اپیل کی۔
جاملی ناندیا بالی، کوکروپورا اور کالی دھار، شیوپوری محلہ، موگری والی بیڑ، چکل پانی، مگرا قبائلی، پٹیل محلہ اور دھاتی محلہ، ویرپورا، کوٹھا کرسی، باوڑیا کھال، پانی گاوں، سواکھیڑا، ٹنٹیا پٹھار، مہوبلا، تالی ڈوب، املی پٹھار کالی سنہا، لسوڑیا گوندی ایف-6 نیاکھیڑا، سپیرا محلہ، ٹوپی والا ٹپر، ایس سی محلہ، کھجوریا گینگی، داتار نگر، آریہ کالونی، سیمریا پٹھار، جونا پانی، سیونیا پٹھار، کھیری بنّا سنّا، کھیڑا کالونی، راجپورا، رتنا کھیڑی، بابوجی بستی، ڈاک پلیا، مہوا بالا پورا، نئی بستی اور بھرت پور کالونی سمیت 41 گاوں سڑکوں سے مربوط ہوں گے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / انظر حسن