
- ایم پی کے وزیراعلیٰ نے خود اپنے آبائی مکان پر کدال چلا کر سنہستھ کے لیے سڑک چوڑی کرنے کے کام کی منفرد مثال قائم کی
بھوپال، 27 ستمبر (ہ س)۔
مدھیہ پردیش کے اجین میں سنہستھ 2028 کی تیاریوں کے دوران شہر کی سب سے قدیم بستی ابدال پورہ ہندو مسلم اتحاد کی علامت بن گئی ہے۔ یہاں اتوار کو شروع ہونے والے سڑک چوڑی کرنے کے کام میں ہندووں کے ساتھ مسلم برادری کے لوگ بھی خوشی خوشی اس مہم کا حصہ بن کر خود اپنا مکان گرانے کے لیے تیار نظر آ رہے ہیں۔
وزیراعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو اجین شہر کے ابدال پورہ علاقے کے اصل باشندہ ہیں۔ انہوں نے اتوار علی الصبح 10 بجے ابدال پورہ میں واقع اپنے آبائی مکان پر خود کدال چلا کر سنہستھ 2028 کے لیے شہر میں جاری سڑک چوڑی کرنے کے کام کا افتتاح کیا۔ اس کے بعد انہوں نے اپنے آبائی مکان پر کدال چلائی اور سڑک چوڑی کرنے کے کام کی خاطر یہ ذاتی مکان گرانے کی شروعات کی۔ ابدال پورہ اجین شہر کی ایک انتہائی قدیم بستی ہے۔ یہاں ایک جانب کھجور والی مسجد واقع ہے اور دوسرے سرے پر جیواجی گنج تھانہ موجود ہے۔ اس کے درمیانی 272 مکانات میں زیادہ تر ہندو، مسلمان اور بوہرہ برادری سے تعلق رکھنے والوں کے ہیں۔ یہاں سڑک چوڑی کرنے کے لیے ہر برادری کے لوگ خوش دلی سے اپنے مکانات خود پیچھے ہٹا کر ایک قابلِ تقلید مثال پیش کر رہے ہیں۔
اجین شہر میں جاری متعدد شاہراہوں کی کشادگی کے دوران یہ سڑک شہریوں کو ترقی کے عمل میں شریک بننے کی ترغیب دے رہی ہے۔ یہاں کے قادر بھائی کا کہنا ہے کہ سڑک کی کشادگی سے ان کی برسوں پرانی خواہش پوری ہونے جا رہی ہے۔ اس سڑک سے گاڑیوں کا گزرنا مشکل تھا، اب آمد و رفت آسان ہو جائے گی۔ ان کا کہنا ہے کہ اس علاقے میں مکانات کی چوڑائی کم یا زیادہ ہو سکتی ہے، لیکن دلوں میں وسعت بہت ہے۔ اس راستے کے دونوں جانب آباد مکین سڑک کی کشادگی کے لیے خوشی سے جگہ دینے پر آمادہ ہیں، کسی کو کوئی اعتراض نہیں ہے اور ہر فرد اس کام میں اپنا کردار ادا کر رہا ہے۔
وزیراعلیٰ موہن یادو کے ذاتی مکان کے پڑوسی پون پانچال کہتے ہیں کہ یہ کشادگی اس خطے کے لیے نعمت ثابت ہوگی۔ سڑک چوڑی ہونے کے بعد یہاں تعمیر ہونے والے مکانات اور دکانوں کی وقعت بڑھ جائے گی، کاروبار کو فروغ ملے گا اور روزمرہ کی آمد و رفت بھی آسان ہو جائے گی۔
سڑک کے دوسری طرف وزیراعلیٰ ڈاکٹر یادو کی بہن اور میونسپل کارپوریشن اجین کی چیئرپرسن کلاوتی یادو کا مکان ہے۔ یہ مکان بھی سڑک کی توسیع کی زد میں آ رہا ہے۔ اسی قطار میں دودھ کی دکان چلانے والے نریندر جین کہتے ہیں کہ سڑک کشادہ کرنے کی مہم میں وزیراعلیٰ اور ان کے اہلِ خانہ کا مکان بھی ٹوٹنے سے پورے شہر میں یہ پیغام جا رہا ہے کہ یہاں کوئی خاص نہیں ہے۔ عام ہوں یا خاص، مہاکال کے شہر میں سب برابر ہیں۔ سنہستھ کے انتظامات میں سب شریک ہیں اور تمام مکانات ایک قطار میں یکساں پیمانے پر توڑے جا رہے ہیں۔
اسی گلی کے رہائشی اور سابق کونسلر جگدیش پانچال کہتے ہیں کہ وزیراعلیٰ ڈاکٹر یادو ایک ترقی یافتہ اجین کے خواب کو شرمندۂ تعبیر کر رہے ہیں۔ اس سے نہ صرف اجین کی صورت حال بدلے گی بلکہ سنہستھ میں شریک ہونے والے کروڑوں عقیدت مندوں کی آمد و رفت اور ان کے قیام کے لیے بہترین سہولیات میسر آئیں گی۔
وزیراعلیٰ ڈاکٹر یادو نے سنہستھ 2028 کے ترقیاتی اور تعمیراتی کاموں کو اولین ترجیح دیتے ہوئے اجین میں واقع اپنی آبائی رہائش گاہ اور جائے پیدائش کو مفادِ عامہ کے لیے وقف کر دیا۔ مذہبی شہر اجین کی ترقی اور عوامی بہبود کے تئیں ان کا یہ ایثار، خدمتِ خلق، حساسیت اور عوامی مفاد کے تئیں ان کے عزم کی ایک بہترین مثال ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ اجین کے عوام نے ترقیاتی منصوبوں میں حصہ دار بن کر خود اپنا مکان توڑنے میں تعاون پیش کیا، جو ایک مثالی طرزِ عمل ہے۔ اجین کی آبادی 8 لاکھ ہے، لیکن سنہستھ میں 40 کروڑ سے زائد زائرین کی آمد متوقع ہے۔ سنہستھ کے لیے سبھی نے گراں قدر خدمات انجام دی ہیں۔ وہ تمام افراد شکریے کے مستحق ہیں جنہوں نے بغیر کسی تفریق کے سنہستھ کے کامیاب انعقاد کی خاطر اپنی عبادت گاہوں کو بھی پیچھے ہٹا لیا۔ یہی اجین کے لوگوں کا اعلیٰ معیار ہے جس سے حکومت پر اعتماد مزید مستحکم ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سنہستھ کی تیاری اور شہر کے حسن و جمال کے لیے اجین کے مکین رضاکارانہ طور پر اپنے آبائی گھروں کو مسمار کر کے سڑکوں کی کشادگی میں انتظامیہ کا ہاتھ بٹا رہے ہیں۔ ان کا یہ اقدام قابلِ ستائش ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جب وہ پہلی بار سائنس کالج سے منتخب ہوئے، پھر جوائنٹ سکریٹری کا الیکشن لڑا، اس کے بعد صدر منتخب ہوئے اور آگے بھی جب جب انتخابات میں حصہ لیا، ہر مرحلے پر ان کے پیشِ نظر ایک ہی نکتہ رہا۔ آنے والے حالات کے پیش نظر ہمیں اپنے کردار اور طرزِ عمل سے ایک نظیر قائم کرنی چاہیے۔ وزیراعظم نریندر مودی اس معاملے میں ہم سب کے لیے ایک بہترین مثال ہیں۔ وہ ذاتی مفادات سے بالاتر ہو کر قواعد و ضوابط، قانون اور گڈ گورننس کے لیے ضروری تمام امور کو اولین اہمیت دیتے ہیں۔ ان کی عوامی زندگی سے ہم سب کو کافی رہنمائی حاصل ہوتی ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / انظر حسن