
نئی دہلی، 27 ستمبر (ہ س)۔ مرکزی وزیر داخلہ و تعاون امت شاہ نے اتوار کو کہا کہ اشوک سنگھل کی پوری زندگی قربانی، سادگی، مذہبی وابستگی، بے مثال حب الوطنی اور ایک مثالی رضاکارانہ جذبے کی منفرد مثال رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آنے والی نسلوں کو صحیح سمت اور ترغیب دینے کے لیے اشوک سنگھل کے نظریہ حیات کو ہر فرد تک پہنچانا ضروری ہے۔
مرکزی وزیر امت شاہ نے یہ بات دہلی کے بھارت منڈپم میں وشو ہندو پریشد (وی ایچ پی) کے سینئر پرچارک اور رام جنم بھومی تحریک کے اہم معمار آنجہانی اشوک سنگھل کی صد سالہ پیدائش کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ تقریب کا آغاز 100 ویدک آچاریوں کی جانب سے شنکھ ناد اور ویدک منتروں کے جاپ سے ہوا۔
تقریب کے مہمان خصوصی امت شاہ نے اشوک سنگھل کے ساتھ اپنی ذاتی یادیں بیان کرتے ہوئے ان کی بے مثال قربانی کا ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ جب کانگریس حکومت نے انہیں جیل میں ڈال دیا تھا اور وہ دہلی میں تین سالہ بحران کے دور سے گزر رہے تھے تو وہ اکثر وی ایچ پی کے دفتر میں اشوک سنگھل سے ملنے جاتے تھے۔
امت شاہ کے مطابق، انتہائی خوشحال خاندان سے تعلق رکھنے کے باوجود اشوک سنگھل صرف 20 مربع میٹر کے ایک چھوٹے سے کمرے میں رہتے تھے، جہاں باورچی خانہ، بستر اور غسل خانے کے لیے بھی یہی محدود جگہ تھی۔ انہوں نے اپنی زندگی کے 20 سال اسی سادگی کے ساتھ اسی کمرے میں گزارے۔
امت شاہ نے رام جنم بھومی تحریک میں اشوک سنگھل کے مرکزی کردار کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ 550 سال کی جدوجہد اور قربانیوں کے بعد آج جو عظیم الشان رام مندر تعمیر ہوا ہے، اس کی بنیاد میں اشوک سنگھل کا عزم شامل تھا۔انہوں نے اتر پردیش حکومت کے اُس وقت کے دور کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ جب کارسیوکوں پر مبینہ طور پر بے رحمانہ لاٹھی چارج کیا جا رہا تھا، تب اشوک سنگھل بھیس بدل کر محاذ پر ڈٹے رہے۔ سر پر گہری چوٹ لگنے کے بعد خون بہنے لگا تو انہوں نے گمچھے سے خون صاف کرتے ہوئے اپنی جدوجہد جاری رکھی۔ امت شاہ نے اسے حب الوطنی اور فرض شناسی کی انتہا قرار دیا، جسے آنے والی نسلیں طویل عرصے تک یاد رکھیں گی۔
وزیر داخلہ نے اشوک سنگھل کے نظم و ضبط اور رضاکارانہ وابستگی کی مثال دیتے ہوئے ایک واقعہ بھی سنایا۔ انہوں نے بتایا کہ شدید علالت اور سانس پھولنے کے باوجود جب راشٹریہ سویم سیوک سنگھ کے سرسنگھ چالک ڈاکٹر موہن بھاگوت نے ان سے گانا گانے کی درخواست کی تو اشوک سنگھل نے فوراً مائیک سنبھال لیا اور کہا کہ جب سرسنگھ چالک جی نے کہہ دیا ہے تو میرے پاس کوئی دوسرا راستہ نہیں ہے۔امت شاہ کے مطابق اس طرح کا جذبہ صرف ایک وفادار اور مکمل طور پر وقف رضاکار کے اندر ہی ہو سکتا ہے۔
اشوک سنگھل کی صد سالہ پیدائش منانے کی ضرورت پر اٹھنے والے سوالات کا جواب دیتے ہوئے امت شاہ نے کہا کہ جب معاشرہ اپنے حقیقی ہیروز اور مثالی شخصیات کو بھول جاتا ہے تو وہاں نظریاتی خلا پیدا ہو جاتا ہے۔ سمت سے محروم نوجوان ہزاروں کلومیٹر دور کی تہذیبوں میں اپنے لیے مثالی شخصیات تلاش کرنے لگتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اشوک سنگھل کا ماننا تھا کہ رام جنم بھومی تحریک نسلوں کی جدوجہد ہے۔ امت شاہ کے مطابق 2014 میں ملک میں آنے والی سیاسی اور نظریاتی تبدیلی کے بعد حکومت کی راہ میں موجود تمام رکاوٹیں دور ہوئیں اور 70 سال سے جاری تعطل ختم کرتے ہوئے عظیم الشان رام مندر کی تعمیر کی راہ ہموار ہوئی۔ مہامنڈلیشور سوامی پرمانند گری مہاراج نے کہا کہ انہوں نے اشوک سنگھل کے نظم و ضبط اور عزم کو قریب سے دیکھا ہے۔ وہ ملازمت کر سکتے تھے اور سیاست میں بھی جا سکتے تھے، لیکن انہوں نے ملک کو ترجیح دی اور پوری زندگی ملک کی خدمت میں وقف کردی۔
انہوں نے نوجوانوں سے کہا کہ سیاست اور مذہب کے حوالے سے بیدار رہیں، لیکن محنت کرتے رہیں، کیونکہ جو لوگ محنت نہیں کرتے ان کے ہاتھ سے سب کچھ نکل جاتا ہے۔تقریب کے دوران اشوک سنگھل کی مکمل زندگی، ان کی جدوجہد اور ملک کی تعمیر میں ان کے کردار پر مبنی خصوصی نمائش بھی منعقد کی گئی۔ اس موقع پر ’مریادا پرشوتم شری رام کے دیویہ قدموں کے نشانات‘ نامی کافی ٹیبل بک کا اجرا کیا گیا۔ اس کے علاوہ شری رام ستون کی عظیم الشان نقل اور ایودھیا میں بھگوان شری رام کے بن گمن راستے پر نصب کیے گئے 11 تاریخی شری رام ستونوں کی ڈیجیٹل نقاب کشائی بھی کی گئی۔ اس موقع پر ڈاک ٹکٹ بھی جاری کیا گیا۔سماجی خدمت کے تحت ایودھیا کے کارسیوک پورم میں معذور افراد کے لیے مصنوعی اعضا لگانے اور معاون آلات تقسیم کرنے کے کیمپ کا بھی آغاز کیا گیا۔ یہ کیمپ 27 ستمبر سے یکم اکتوبر تک جاری رہے گا۔تقریب کے دوران فنکاروں نے رامائن کے اہم واقعات پر مبنی خصوصی ڈرامائی پیشکش بھی پیش کی۔اس کے علاوہ وی ایچ پی کے تنظیمی ڈھانچے کے تحت ملک بھر کے 44 صوبوں میں ایک ہفتے کے اندر بڑے اجتماعات اور خصوصی پروگرام منعقد کیے جائیں گے۔ ناگپور کے پروگرام میں آر ایس ایس کے سرسنگھ چالک ڈاکٹر موہن بھاگوت، لکھنؤ میں اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ اور گروگرام میں ہریانہ کے وزیر اعلیٰ سمیت کئی اہم شخصیات شرکت کریں گی۔وی ایچ پی کے مطابق اشوک سنگھل کی صد سالہ پیدائش کے موقع پر ملک اور بیرون ملک پورے سال مختلف پروگرام منعقد کیے جائیں گے۔ ان پروگراموں میں خدمت، سماجی ہم آہنگی، ہندو سماج کو بااختیار بنانے اور ویدک علم و سائنس کے فروغ پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔تقریب میں راشٹریہ سویم سیوک سنگھ کے سرکاریہ واہ دتاتریہ ہوسبلے، وشو ہندو پریشد کے بین الاقوامی صدر آلوک کمار، وی ایچ پی کی صوبائی صدر ڈاکٹر اپاسنا اروڑہ، اشوک سنگھل فاؤنڈیشن کے کنوینر مہیش بھاگ چندکا اور وی ایچ پی کے مرکزی جنرل سکریٹری بجرنگ باگڑا سمیت دیگر معززین موجود تھے۔ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Khan