
اے ایم یو کے شعبہ کارڈیوویسکولر اینڈ تھوریسک سرجری کے فیکلٹی ممبر نے سی ایم ای میں شرکت کی
علی گڑھ, 26 ستمبر (ہ س)۔
جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج ، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے شعبہ کارڈیوویسکولر اینڈ تھوریسک سرجری کے ڈاکٹر عامر محمد نے ڈاکٹر رام منوہر لوہیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز ، لکھنؤ میں منعقدہ قومی مسلسل طبی تعلیم (سی ایم ای) پروگرام میں شرکت کی، جس کا موضوع تھا: ‘‘جدید قلبی نگہداشت میں خلا کو پُر کرنا: تشخیص سے قلبی پیوند کاری تک’’۔
ڈاکٹر عامر محمد نے ‘‘پیوندکاری میں نقص ’’ کے موضوع پر اجلاس کی صدارت کی، جس میں قلبی پیوند کاری کے بعد پیوندکاری کی ابتدائی اور ثانوی کارکردگی میں نقص کی شناخت، تشخیص اور علاج پر توجہ مرکوز کی گئی۔ انہوں نے پیوند کاری کے بعد انتہائی تشویش ناک حالت والے مریضوں کے لیے بروقت تشخیص، مختلف شعبوں کے ماہرین کی باہمی مشاورت سے فیصلے کرنے اور علاج کو بروقت اگلی سطح تک لے جانے کی اہمیت پر ہونے والی علمی گفتگو میں بھی شرکت کی۔
جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج کی کارڈیوتھوریسک سرجری ٹیم کے 5 ارکان کو قلبی سرجری کی نگہداشت کے لیے ان کی لگن اور خدمات کے اعتراف میں اعزاز سے نوازا گیا۔ ان میں ایڈلٹ سی ٹی وی ایس آئی سی یو کے انچارج جناب سہیل الرحمٰن، پیڈیاٹرک سی ٹی وی ایس آئی سی یو انچارج جناب عامر خان، سی ٹی وی ایس کے نرسنگ افسر جناب رنکو چودھری، سی ٹی وی ایس آپریشن تھیئٹر کے ٹیکنیشن جناب کامران خان اور قلبی اینستھیسیا کے ٹیکنیشن جناب طیب غازی شامل ہیں۔ یہ اعزاز انڈین ایسوسی ایشن آف کارڈیو تھوریسک سرجنز کے سابق صدر ڈاکٹر منوج دورائی راج نے پیش کئے۔
کارڈیوویسکولر اینڈ تھوریسک سرجری شعبہ کے چیئرپرسن پروفیسر محمد اعظم حسین نے ٹیم کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ شعبہ، قلبی پیوند کاری شروع کرنے کی تیاری کر رہا ہے اور جلد ہی شمالی ہندوستان کے ان سرکاری مراکز میں شامل ہوگا جہاں یہ سہولت دستیاب ہوگی۔ ڈاکٹر شمائل ربانی نے کہا کہ کامیاب قلبی سرجری مربوط ٹیم ورک اور مریضوں کی نگہداشت کے لیے اجتماعی عزم کا نتیجہ ہوتی ہے۔ فیکلٹی آف میڈیسن کے ڈین پروفیسر محمد خالد اور جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج کے پرنسپل و چیف میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر انجم پرویز نے اس دستیابی پر اساتذہ اور ٹیم کے ارکان کو مبارک باد پیش کی۔
---------------
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ