اے ایم یو کے ایس ٹی ایس اسکول میں انٹر اسکول بیت بازی مقابلہ منعقد
علی گڑھ, 26 ستمبر (ہ س)۔ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے سیدنا طاہر سیف الدین اسکول نے ادبی ہفتہ کی تقریبات کے تحت انٹر اسکول بیت بازی مقابلہ منعقد کیا، جس میں سر سید اکیڈمی کے ڈپٹی ڈائریکٹر ڈاکٹر مشتاق صدف اور ایس ٹی ایس اسکول کے سابق پوسٹ گریجویٹ ٹ
اے ایم یو کے ایس ٹی ایس اسکول میں انٹر اسکول بیت بازی مقابلہ منعقد


علی گڑھ, 26 ستمبر (ہ س)۔

علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے سیدنا طاہر سیف الدین اسکول نے ادبی ہفتہ کی تقریبات کے تحت انٹر اسکول بیت بازی مقابلہ منعقد کیا، جس میں سر سید اکیڈمی کے ڈپٹی ڈائریکٹر ڈاکٹر مشتاق صدف اور ایس ٹی ایس اسکول کے سابق پوسٹ گریجویٹ ٹیچر، اردو جناب فرید احمد صدیقی نے جج کے فرائض انجام دیے۔ شریک اسکولوں کے طلبہ نے اپنے اشعار سے شعرو سخن سے اپنی وابستگی، حافظہ اور زبان پر قدرت کا مظاہرہ کیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر مشتاق صدف نے ادبی سرگرمیوں میں طلبہ کی شرکت کو سراہا۔ انہوں نے لسانی اور ثقافتی ورثے کے تحفظ میں اردو ادب و شاعری کے کردار کو اجاگر کیا اور طلبہ کو وسیع مطالعے، ادب کی گہری تفہیم پیدا کرنے اور ادبی سرگرمیوں میں فعال طور پر حصہ لینے کی ترغیب دی۔ جناب فرید احمد صدیقی نے بھی طلبہ کی پُرجوش شرکت اور اردو شاعری پر ان کے عبور کو سراہا۔ انہوں نے طلبہ کو شاعری اور ادب کے مطالعے کی عادت اپنانے کی ترغیب دی۔

نتائج کا اعلان ڈاکٹر مشتاق صدف نے کیا۔ آر ایم پی ایس اے ایم یو سٹی اسکول کے محمد حمزہ اور ماسٹر ابو عفان کی ٹیم نے پہلی پوزیشن حاصل کی۔ ایس ٹی ایس اسکول کے ابو ہریرہ اور عبدالعظیم کی ٹیم اور اے بی کے گرلز اسکول کی حبا فاطمہ اور عفیفہ انجم پر مشتمل ٹیم نے مشترکہ طور پر دوسری پوزیشن حاصل کی۔ اے ایم یو گرلز اسکول کی عناب رضوی اور عائشہ طلحہ پر مشتمل ٹیم نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔

ایس ٹی ایس اسکول کے نائب پرنسپل ڈاکٹر محمد عالمگیر نے طلبہ کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے فاتحین اور تمام شریک ٹیموں کو مبارک باد پیش کی۔ انہوں نے اس سلسلہ میں اساتذہ کی کاوشوں کو بھی سراہا۔

ایس ٹی ایس اسکول کے پرنسپل جناب فیصل نفیس نے مقابلے کے کامیاب انعقاد پر منتظمین، شرکاء، ججوں اور اساتذہ کو مبارک باد دی۔ انہوں نے کہا کہ ایسے مقابلے طلبہ میں اعتماد، نظم و ضبط، صحت مند مسابقتی جذبہ اور زبان و ادب کے احترام کو فروغ دیتے ہیں۔

محترمہ فوزیہ نکہت نے کلمات تشکر ادا کئے۔ پروگرام کے انعقاد میں جناب فرحان حبیب، جناب محمد عرفان، محترمہ نگہت وحید، جناب آصف احمد صدیقی اور محترمہ نسرین فاطمہ نے تعاون کیا۔ محترمہ نازیہ سنبل اور جناب شہاب اللہ خان نے نظامت کے فرائض انجام دئے۔

---------------

ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ


 rajesh pande