اے ایم یو گرلز اسکول میں انٹر اسکول تقریری مقابلہ کا انعقاد
علی گڑھ, 26 ستمبر (ہ س)۔ اے ایم یو گرلز اسکول نے ادبی ہفتہ کی تقریبات کے تحت انٹر اسکول تقریری مقابلہ منعقد کیا، جس میں علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے 9 اسکولوں نے شرکت کی۔ شعبہ انگریزی کے پروفیسر محمد رضوان خان، ڈین، فیکلٹی آف آرٹس نے بحیثیت مہمان
انٹر اسکول


علی گڑھ, 26 ستمبر (ہ س)۔

اے ایم یو گرلز اسکول نے ادبی ہفتہ کی تقریبات کے تحت انٹر اسکول تقریری مقابلہ منعقد کیا، جس میں علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے 9 اسکولوں نے شرکت کی۔ شعبہ انگریزی کے پروفیسر محمد رضوان خان، ڈین، فیکلٹی آف آرٹس نے بحیثیت مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ ججوں کے پینل میں ویمنس کالج کی پروفیسر نازیہ حسن اور ڈاکٹر فوزیہ فریدی شامل تھیں۔

پروفیسر محمد رضوان خان نے اسکول کی کاوشوں اور مقابلے میں طلبہ کی پُرجوش شرکت کو سراہا۔ ڈیجیٹل ہیومنزم کے ابھرتے ہوئے تصور پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ مصنوعی ذہانت کا دانش مندی سے استعمال کریں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ وہ مصنوعی ذہانت پر عبور حاصل کریں، نہ کہ مصنوعی ذہانت ان پر حاوی ہو جائے۔ انہوں نے ہر طالب علم کی انفرادی صلاحیتوں اور استعداد کو پہچاننے اور پروان چڑھانے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔ وربل اور نان وربل ابلاغ کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جسمانی حرکات و سکنات اکثر الفاظ سے زیادہ اظہار کرتی ہیں اور مؤثر اظہار میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔

اے ایم یو گرلز اسکول کی پرنسپل محترمہ آمنہ ملک نے طلبہ میں تخلیقی صلاحیت، تنقیدی فکر، ابلاغی مہارت اور اعتماد پیدا کرنے میں ادبی سرگرمیوں کے کردار کو اجاگر کیا۔

نویں تا بارہویں جماعت ( گروپ اے) کے طلبہ نے ‘‘مصنوعی ذہانت کی دنیا میں مطالعے کی اہمیت’’ کے موضوع پر تقریریں کیں، جبکہ جماعت ششم تا ہشتم (گروپ بی )کے طلبہ نے ‘‘دنیا کو بدلنے میں کہانیوں کا کردار’ موضوع پر اظہارِ خیال کیا۔

گروپ اے میں اے ایم یو اے بی کے ہائی اسکول بوائز کے اسمر عرفات نے پہلی پوزیشن حاصل کی۔ ایس ٹی ایس اسکول کے محمد عبداللہ اور آر ایم پی ایس اے ایم یو سٹی اسکول کے نعیم مرزا نے مشترکہ طور پر دوسری پوزیشن حاصل کی۔ اے ایم یو گرلز اسکول کی حبا ناصر نے تیسرا مقام حاصل کیا، جبکہ سینئر سیکنڈری اسکول گرلز کی انعم فاطمہ کو حوصلہ افزائی انعام دیا گیا۔

گروپ بی میں اے ایم یو گرلز اسکول کی ونشیکا دیش راجن نے پہلی پوزیشن، احمدی اسکول برائے نابینا طلبہ کی جمن نور نے دوسری پوزیشن اور آر ایم پی ایس اے ایم یو سٹی اسکول کے محمد ثمر نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ اے ایم یو اے بی کے ہائی اسکول گرلز کی انوشکا سکسینہ کو حوصلہ افزائی انعام دیا گیا۔

پروگرام کی نگرانی ثقافتی امور کی انچارج محترمہ عرشی ظفر خان نے کی۔ محترمہ زیبا نواز نے انچارج کی حیثیت سے خدمات انجام دیں، جبکہ محترمہ بشریٰ کرمانی اور محترمہ نصرت پروین نے رابطہ کاری کی ذمہ داری سنبھالی۔

گیارہویں جماعت سائنس کی صفت مرزا اور بارہویں جماعت سائنس کی آفرین فاطمہ نے نظامت کے فرائض انجام دئے۔ اختتامی کلمات بارہویں جماعت سائنس کی طالبہ اور ہیڈ گرل ازلفا صادق نے پیش کیے۔

---------------

ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ


 rajesh pande