ہندوستان 10 فیصد سے زیادہ کی اقتصادی شرح نمو حاصل کر سکتا ہے: سیتارمن
نئی دہلی/بنگلورو، 26 ستمبر (ہ س)۔ مرکزی وزیر خزانہ نرملا سیتارمن نے ہفتہ کو اعتماد ظاہر کیا کہ ہندوستان 10 فیصد سے زیادہ کی اقتصادی شرح نمو حاصل کر سکتا ہے۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے تمام شعبوں میں ٹیکنالوجی اور اختراع کو بڑے پیمانے پر اپنانے کی ضرورت
India-can-achieve-economic-growth-rate-over-10-pc


نئی دہلی/بنگلورو، 26 ستمبر (ہ س)۔ مرکزی وزیر خزانہ نرملا سیتارمن نے ہفتہ کو اعتماد ظاہر کیا کہ ہندوستان 10 فیصد سے زیادہ کی اقتصادی شرح نمو حاصل کر سکتا ہے۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے تمام شعبوں میں ٹیکنالوجی اور اختراع کو بڑے پیمانے پر اپنانے کی ضرورت پر زور دیا۔

سیتارمن نے یہ بات یہاں آئی آئی ٹی مدراس ایلومنائی ایسوسی ایشن کی جانب سے منعقدہ فائر سائیڈ چیٹ میں کہی۔ انہوں نے کہا کہ زیادہ اقتصادی ترقی سے ملک کے ’ آتم نربھر بھارت‘ اور وکست بھارت‘ کے سفر کو تیز کرنے میں مدد ملے گی، لیکن اس کے لیے تمام فریقوں کی جانب سے ”بہت زیادہ کوشش“ درکار ہوگی۔وزیر خزانہ نے کہا، ”10 فیصد سے زیادہ کی شرح نمو حاصل کرنا ممکن ہے اور میں یہ بات صرف آپ سب کا حوصلہ بڑھانے کے لیے نہیں کہہ رہی ہوں۔ یہ حقیقتاً ممکن ہے۔“

مدراس ایلومنائی ایسوسی ایشن کے ’سنگم 2026‘ پروگرام میں پروفیسر راجیو سرینواسن کے ساتھ گفتگو کے دوران انہوں نے 2015 کے بعد تیزی سے توسیع پاتے اسٹارٹ اپس کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ آنے والے برسوں میں معیشت میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔ سیتارمن نے کہا، ”ہمارے یہاں منفی باتیں کرنے والوں کی کوئی کمی نہیں ہے۔ ایسے بہت سے لوگ ہیں جنہیں ہندوستان کے ناکام ہونے پر بلاواسطہ طور پر خوشی ملتی ہے۔ ہم اسے ہرگز برداشت نہیں کرسکتے۔ ہمیں ایسے لوگوں کو مثبت سوچنے کی ترغیب دینے کی ضرورت ہے۔“

زرعی شعبے میں ٹیکنالوجی کے کردار کو اجاگر کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ تکنیکی اقدامات نے کاشت کاروں کو منڈیوں سے جوڑنے اور پیداواریت بہتر بنانے میں مدد کی ہے۔ سیتارمن نے فصل کی کٹائی میں تیزی لانے اور اگلی فصل کے لیے زمین تیار کرنے میں ٹیکنالوجی کے استعمال کی مثال بھی دی۔

وزیر خزانہ نے آئی آئی ٹی مدراس سابق طلبہ تنظیم کے پروگرام میں گفتگو کے دوران ان زمینوں کی درست نقشہ سازی کے لیے ڈرون کے استعمال کا ذکر کیا، جن کا پہلے صرف دستی طور پر سروے کیا جاتا تھا۔ انہوں نے مزید کہا، ”توسیع پاتی ٹیکنالوجی کے ساتھ اسٹارٹ اپس میں ہونے والی اختراعات کو ہر شعبے تک پہنچنا ہوگا۔“

وزیر خزانہ کے دفتر نے ’ایکس‘ پر جاری ایک پوسٹ میں کہا کہ سیتارمن نے بنگلورو میں آئی آئی ٹی مدراس ایلومنائی ایسوسی ایشن کے ’سنگم 2026‘ پروگرام میں پروفیسر راجیو سرینواسن کے ساتھ گفتگو میں حصہ لیا۔ اس کے علاوہ وزیر خزانہ نے دیگر معزز شخصیات کے ساتھ مل کر ’آئی آئی ٹی ایم یونی کارن فرنٹیئر فنڈ-1‘ کا آغاز بھی کیا۔ یہ ایک متبادل سرمایہ کاری فنڈ (اے آئی ایف) ہے، جسے یونی کارن انڈیا وینچرز (یو آئی وی) اور آئی آئی ٹی مدراس/آئی آئی ٹی ایم ریسرچ پارک نے مشترکہ طور پر شروع کیا ہے۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستان سماچار / محمد شہزاد


 rajesh pande