
نئی دہلی، 26 ستمبر (ہ س): ۔
دنیا کی معروف بین الاقوامی لاجسٹکس سروس فراہم کرنے والی کمپنی ڈی ایچ ایل ایکسپریس نے ہفتہ کو اعلان کیا کہ وہ بھارت میں مال برداری کے نرخوں میں 8.9 فیصد اضافہ کرے گی۔ یہ اضافہ یکم جنوری 2027 سے نافذ ہوگا۔
ڈی ایچ ایل ایکسپریس نے ایک بیان میں یہ اطلاع دی۔ بیان کے مطابق یہ سالانہ قیمتوں میں ایڈجسٹمنٹ عالمی سطح پر بڑھتے ہوئے آپریشنل اخراجات کو متوازن کرنے کے لیے کی گئی ہے۔
کمپنی کے مطابق سالانہ نرخوں میں اضافہ مہنگائی کے دباو¿، کرنسی کی شرح تبادلہ میں اتار چڑھاو¿ اور صنعت سے متعلق اخراجات میں اضافے جیسے مختلف عوامل کی وجہ سے کیا جا رہا ہے۔
کمپنی نے بتایا کہ مہنگائی کے علاوہ اس کے اخراجات کا ڈھانچہ توانائی کی قیمتوں، ضابطوں کی پابندی سے متعلق ضروریات اور قومی و بین الاقوامی حکام کی جانب سے عائد کیے جانے والے بدلتے ہوئے کسٹمز ڈیوٹی سے بھی مسلسل متاثر ہو رہا ہے۔
ڈی ایچ ایل ایکسپریس کے جنوبی ایشیا کے سینئر نائب صدر آر ایس سبرامنیم نے کہا کہ یہ سالانہ قیمت ایڈجسٹمنٹ کمپنی کو خدمات اور قابلِ اعتماد کارکردگی کے اس اعلیٰ معیار کو برقرار رکھنے میں مدد دیتی ہے جس کی صارفین توقع کرتے ہیں۔ ساتھ ہی اس سے کمپنی کے عالمی آپریشنز کی لچک اور بدلتے حالات کے مطابق خود کو ڈھالنے کی صلاحیت بھی مضبوط ہوتی ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / عطاءاللہ