
نئی دہلی، 25 ستمبر (ہ س)۔
مرکزی حکومت مالی سال 2026-27 کی دوسری ششماہی (اکتوبر تا مارچ) میں بازار سے 7.86 لاکھ کروڑ روپے قرض لے گی، جس میں 15 ہزار کروڑ روپے کے خودمختار گرین بانڈز بھی شامل ہیں۔ اس کے نتیجے میں پورے مالی سال کے لیے مجموعی قرض میں 1,20,494 کروڑ روپے کی نمایاں کمی آئے گی۔
وزارت خزانہ کے مطابق موجودہ مالی سال 2026-27 میں مرکزی حکومت کی سیکیورٹیز کے ذریعے مجموعی طور پر 15,99,506 کروڑ روپے قرض لینے کا اندازہ ہے، جبکہ مرکزی بجٹ 2026-27 میں اس کے لیے 17,20,000 کروڑ روپے کا انتظام کیا گیا تھا۔ مرکز نے ریزرو بینک آف انڈیا (آر بی آئی) کے ساتھ مشاورت کے بعد موجودہ مالی سال کی دوسری ششماہی میں 7,86,000 کروڑ روپے قرض لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس میں 15 ہزار کروڑ روپے کے سرکاری گرین بانڈز بھی شامل ہیں۔
وزارت کے مطابق دوسری ششماہی میں 7,86,000 کروڑ روپے کا مجموعی مارکیٹ قرض 23 ہفتہ وار نیلامیوں کے ذریعے حاصل کیا جائے گا۔ یہ قرض تین، پانچ، سات، 10، 15، 30، 40 اور 50 سال کی مدت والی سرکاری سیکیورٹیز کے ذریعے لیا جائے گا۔
دوسری ششماہی کے مجموعی قرض میں تین سالہ بانڈز کا حصہ 6.9 فیصد، پانچ سالہ بانڈز کا 12.1 فیصد، سات سالہ مدت کا 9.1 فیصد، 10 سالہ مدت کا 26.3 فیصد، 15 سالہ مدت کا 17.6 فیصد، 30 سالہ مدت کا 9.2 فیصد، 40 سالہ مدت کا 8.9 فیصد اور 50 سالہ مدت کا 9.9 فیصد ہوگا۔ اس میں سرکاری گرین بانڈز بھی شامل ہیں۔
گرین بانڈ حکومت کی جانب سے جاری کیا جانے والا ایسا سرکاری بانڈ ہے، جس کے ذریعے حاصل ہونے والی رقم ماحولیات اور موسمیاتی تبدیلی سے متعلق منصوبوں کے لیے استعمال کی جاتی ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / عطاءاللہ