
تہران، 23 ستمبر (ہ س)۔ ایران کے اسٹریٹجک لحاظ سے اہمیت کے حامل قیشم جزیرے کے قریب زوردار دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہیں۔ یہ آوازیں سمندر کی جانب سے آئیں۔ فی الحال جزیرے کے زمینی علاقے پر کسی میزائل یا راکٹ کے گرنے کی تصدیق نہیں ہوئی ہے۔ اسٹریٹجک اعتبار سے اہم یہ علاقہ آبنائے ہرمز کے قریب واقع ہے۔
انادولو کی رپورٹ کے مطابق، ایران کے سرکاری میڈیا اور ارنا نیوز ایجنسی نے اس کی تصدیق کی ہے۔ ارنا نے واضح کیا ہے کہ یہ آواز زمین کی جانب سے نہیں بلکہ سمندر کی طرف سے آئی تھی۔ ایجنسی نے کہا کہ جزیرے پر کوئی راکٹ یا میزائل نہیں گرا۔ مقامی حکام نے دھماکوں کی اصل وجہ کے بارے میں اب تک کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا ہے۔
آبنائے ہرمز میں واقع قشم جزیرہ خلیج کا سب سے بڑا جزیرہ ہے۔ یہ واقعہ ہرمز میں مسلسل جاری بحری اور فوجی کشیدگی کے درمیان پیش آیا ہے۔ یہ توانائی کی ترسیل کا ایک اہم راستہ ہے اور ایران سے متعلق تنازعات کا اہم مرکز رہا ہے۔ اس سے قبل 16 ستمبر کو بھی قشم جزیرے کے ساحلی علاقے میں دھماکے ہو چکے ہیں۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد