
علی گڑھ, 23 ستمبر (ہ س)۔
علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی نیشنل سروس اسکیم نے طلبہ کی رہنمائی کے لیے ‘‘کیمپس سے سول سروسز تک’’ عنوان سے ایک تعلیمی نشست کا اہتمام کیا ، جس میں یو پی ایس سی سول سروسز امتحان کی تیاری کی حکمت عملی، امتحانی مراحل اور اس سے وابستہ پیشہ ورانہ مواقع پر گفتگو کی گئی۔ اجلاس کا مرکزی موضوع ‘‘سیکھیں، گفتگو کریں، منصوبہ بنائیں، خدمت کریں’’ تھا، جو این ایس ایس کے نصب العین ‘‘ میں نہیں، بلکہ آپ’’ کی عکاسی کرتا ہے۔
ریزیڈنشیئل کوچنگ اکیڈمی، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر ڈاکٹر فیروز احمد نے مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی، جبکہ اکیڈمی کی اسسٹنٹ پروفیسر حبا اصلاحی مہمانِ اعزازی تھیں۔
طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر فیروز احمد نے واضح اہداف، باقاعدہ مطالعہ، نظم و ضبط اور ثابت قدمی کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ سول سروسز کی تیاری محض امتحان میں کامیابی تک محدود نہیں بلکہ یہ وسیع تر نقطہ نظر، احساسِ ذمہ داری اور معاشرے کی خدمت کے عزم کو بھی فروغ دیتی ہے۔
حبا اصلاحی نے اپنے خطاب میں منظم منصوبہ بندی، وقت کے بہتر بندوبست، مناسب مطالعاتی مواد کے انتخاب اور مسلسل خود احتسابی کی اہمیت اجاگر کی۔ دونوں مقررین نے سول سروسز امتحان کی تیاری کے مختلف پہلوؤں سے متعلق طلبہ کے سوالات کے جوابات دیے۔
این ایس ایس کے پروگرام آفیسر ڈاکٹر عبدالجبار نے کہا کہ اس طرح کے تعاملی اجلاس طلبہ کو قیمتی رہنمائی فراہم کرتے ہیں اور انہیں اپنے کریئر کے حوالے سے باخبر فیصلے کرنے میں مدد دیتے ہیں۔ این ایس ایس کی پروگرام آفیسرز ڈاکٹر فوزیہ فریدی، ڈاکٹر ناہید اکبری اور محمد عمران خان کے فعال تعاون سے یہ پروگرام کامیابی کے ساتھ منعقد کیا گیا۔
---------------
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ