
علی گڑھ, 23 ستمبر (ہ س)۔
علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے شعبہ سوشل ورک کے ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر محمد طاہر کو تین سال کی مدت کے لیے شعبے کا چیئرپرسن مقرر کیا گیا ہے۔
سوشل ورک شعبہ میں تقریباً تین دہائیوں کے تدریسی و انتظامی تجربے کے حامل ڈاکٹر طاہر نے سوشل ورک کی تعلیم، تحقیق، طلبہ کی ترقی اور یونیورسٹی کی مختلف سرگرمیوں میں نمایاں خدمات انجام دی ہیں۔ ان کے تحقیقی کاموں میں چار مکمل شدہ پروجیکٹ ، ایک جاری پروجیکٹ اور دو مجوزہ پروجیکٹ شامل ہیں۔ انہوں نے بین الاقوامی اشتراک و تعاون کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کیا ہے، جس میں امریکہ کی جان ہاپکنز یونیورسٹی کے ساتھ شعبے کا اشتراک اور مفاہمتی یادداشت بھی شامل ہے۔
ڈاکٹر طاہر کی نگرانی میں چار پی ایچ ڈی اسکالرز اپنی ڈگریاں حاصل کر چکے ہیں، جبکہ تین اسکالرز اس وقت ان کی نگرانی میں ریسرچ کر رہے ہیں۔ انہوں نے 250 پوسٹ گریجویٹ مقالوں کی بھی رہنمائی کی ہے۔
ان کی علمی خدمات میں دو کتابیں اور 28 تحقیقی مقالے شامل ہیں۔ انہوں نے قومی اور بین الاقوامی کانفرنسوں اور سیمیناروں میں 37 تحقیقی مقالے پیش کیے ہیں، جبکہ 27 کانفرنسوں، سیمیناروں اور ورکشاپ میں شرکت کی ہے۔
انہوں نے علی گڑھ مسلم یونیورسٹی میں متعدد انتظامی ذمہ داریاں بھی انجام دی ہیں۔ وہ اس وقت حکومتِ ہند کے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف سوشل ڈیفنس کے ساتھ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے اشتراک کے نوڈل افسر ہیں اور علی گڑھ مسلم یونیورسٹی میں اُنّت بھارت پروگرام کی کور کمیٹی سے بھی وابستہ رہے ہیں۔ ڈاکٹر طاہر نیشنل ایسوسی ایشن آف پروفیشنل سوشل ورکرز اِن انڈیا کے تاحیات رکن ہیں۔ وہ یونیورسٹی میں اقامتی ہال کی انتظامیہ اور یونیورسٹی سطح کی متعدد کمیٹیوں کے رکن بھی رہے ہیں۔
---------------
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ