اے ایم یو کے آفتاب ہال میں دو روزہ ‘‘نقشِ حبیب’’ پروگرام اپنی تمام تر ادبی و ثقافتی رعنائیوں کے ساتھ اختتام پذیر
علی گڑھ, 23 ستمبر (ہ س)۔ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے آفتاب ہال میں علم و ادب، فکر و فن اور تہذیبی روایت کا حسین امتزاج پیش کرنے والا دو روزہ پروگرام ‘‘نقش حبیب’’ نہایت کامیابی کے ساتھ تکمیل کو پہنچا۔ پروگرام کے دونوں روز آفتاب ہال میں طلبہ کی علم
نقش حبیب


علی گڑھ, 23 ستمبر (ہ س)۔

علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے آفتاب ہال میں علم و ادب، فکر و فن اور تہذیبی روایت کا حسین امتزاج پیش کرنے والا دو روزہ پروگرام ‘‘نقش حبیب’’ نہایت کامیابی کے ساتھ تکمیل کو پہنچا۔ پروگرام کے دونوں روز آفتاب ہال میں طلبہ کی علمی و ادبی صلاحیتوں کا خوب صورت مظاہرہ دیکھنے کو ملا۔ مختلف مقابلوں، ادبی سرگرمیوں، مشاعرے اور معزز مہمانوں کی علمی گفتگو نے اس پروگرام کو یادگار بنا دیا۔

یہ پروگرام آفتاب ہال کے سرپرست جناب نوشاد وحید انصاری کی سرپرستی میں منعقد ہوا، جبکہ لٹریری اینڈ کلچرل سوسائٹی کے سکریٹری محمد سلمان غوری کی رہنمائی میں پروگرام کے تمام انتظامی مراحل انجام پائے۔ پروگرام کے انچارج آفتاب ہال کے جنرل وارڈن ڈاکٹر محمد حنیف تھے۔پروگرام کی کامیابی اور حسنِ انتظام کو یقینی بنانے میں آفتاب ہال کے تمام وارڈنز کے ساتھ سینئر ہال جناب محمد اطہر اور سینئر فوڈ جناب فرقان حیدر کا تعاون بھی قابلِ ذکر ہے۔ محمد دانش نے کنوینر اور ابو حذیفہ عباسی نے نائب کنوینر کی حیثیت سے اپنی ذمہ داریاں انجام دیں۔ پروگرام کی نظامت کے فرائض محمد شعبان نے انجام دئے۔

پروگرام کی پہلی نشست 19 ستمبر کو منعقد ہوئی، جس میں ڈاکٹر مجیب اللہ زبیری، کنٹرولر امتحانات، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی، جبکہ پروفیسر محمد معصوم رضا، شعبہ لائبریری اینڈ انفارمیشن سائنس مہمانِ اعزازی کی حیثیت سے شریک ہوئے۔

افتتاحی تقریب کے بعد طلبہ کے درمیان مختلف علمی و ادبی مقابلوں کا سلسلہ شروع ہوا۔ قرأت، تقریری مقابلہ اور بیت بازی کے ساتھ ہی بیک اسٹیج مضمون نگاری اور کوئز کے مقابلے منعقد ہوئے۔ مضمون نگاری میں شعبہ دینیات کے محمد عمر نے اول انعام حاصل کیا، جب کہ علقمہ صفدر نے دوم اور محمد سلطان نے سوم انعام حاصل کیا۔

کوئز میں محمد مفلحون نے اول اور محمد عمر نے دوم انعام حاصل کیا۔ قرأت میں محمد خبیب اول، اشہد خان دوم اور محمد وقاص سوم قرار پائے۔ تقریری مقابلہ میں عبد الولی کو اول، علقمہ صفدر کو دوم اور اشفاق حسین کو سوم انعام سے نوازا گیا۔ بیت بازی میں ابو عمیر اور محمد سہیل رائن کی ٹیم اول قرار پائی ، جب کہ عبد الولی اور محمد ولی حسن کی ٹیم دوسرے مقام پر رہی۔

‘‘نقشِ حبیب’’ کی دوسری نشست 20 ستمبر کو منعقد ہوئی، جس میں پروفیسر محمد یوسف، شعبہ پیٹرولیم اسٹڈیز نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی، جبکہ اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر عاصم خان مہمانِ اعزازی کی حیثیت سے شریک ہوئے۔

دوسری نشست بھی علمی و ادبی سرگرمیوں سے بھرپور رہی۔ مرکزی تقریب سے قبل بیک اسٹیج خطاطی اور ڈبیٹ کے مقابلوں کا انعقاد کیا گیا، جن میں طلبہ نے اپنی فنی مہارت، استدلال اور اظہارِ خیال کی صلاحیتوں کا عمدہ مظاہرہ کیا۔ ڈبیٹ میں میں اول پوزیشن علقمہ صفدر اور دوم پوزیشن عبد السمیع نے حاصل کی، جب کہ خطاطی میں ادیف جاوید اول اور راحل اختر دوم قرار پائے۔

مہمانانِ گرامی کے خطاب کے بعد مختلف مقابلوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبہ میں انعامات تقسیم کیے گئے۔ اس موقع پر کامیاب طلبہ کی حوصلہ افزائی کی گئی اور ان کی علمی و تخلیقی صلاحیتوں کو سراہا گیا۔

تقریب کا ایک اہم اور دل کش حصہ ‘جشن آفتاب’ کے عنوان سے منعقد ہونے والا مشاعرہ تھا، جس نے پورے پروگرام کو ایک خوب صورت ادبی اختتام عطا کیا۔ مشاعرے کی صدارت ڈاکٹر صدام مضمر، اسکالر علی گڑھ مسلم یونیورسٹی نے کی۔

محفلِ شعر میں متعدد شعرائے کرام نے اپنے کلام سے سامعین کو محظوظ کیا، جن میں محمد سفیان پرتاپ گڑھی، عدنان پرتاپ گڑھی، حسام تعجب، نجم حسن، رضا گورکھپوری، عتیق احمد اور دیگر شعراء شامل تھے۔

شعراء نے اپنے منتخب کلام کے ذریعے محبت، انسانیت، تہذیب، معاشرت اور زندگی کے مختلف رنگوں کو شعری پیکر عطا کیا۔ سامعین نے شعراء کے کلام کو بھرپور داد و تحسین سے نوازا اور مشاعرے کی فضا دیر تک شعری کیف و سرور سے معمور رہی۔

تقریب کے اختتام پر آفتاب ہال لٹریری اینڈ کلچرل سوسائٹی کے سکریٹری محمد سلمان غوری نے شکریہ کے کلمات ادا کئے۔ انھوں نے مختلف مقابلوں میں حصہ لینے والے طلبہ کی صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے پوری انتظامی ٹیم کی انتھک محنت کو خراجِ تحسین پیش کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ لٹریری سوسائٹی آفتاب ہال کی علمی و تہذیبی روایات کو مزید بلندیوں تک لے جانے کا سلسلہ جاری رکھے گی۔

---------------

ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ


 rajesh pande