آر ایس ایس کے خلاف بیان یا تقریر نہ کرنے کی تحریری یقین دہانی سے کھرگے کا انکار
نئی دہلی، 19 ستمبر (ہ س):۔ راوز ایونیو کورٹ کی سیشن عدالت میں ہفتے کے روز کانگریس صدر ملکارجن کھرگے کی جانب سے اس بات سے انکار کیا گیا کہ وہ تحریری یقین دہانی کرائیں گے کہ وہ آر ایس ایس کے خلاف کوئی بھی ہتک آمیز بیان نہیں دیں گے۔ اسپیشل جج روبی ن
آر ایس ایس کے خلاف بیان یا تقریر نہ کرنے کی تحریری یقین دہانی سے کھرگے کا انکار


نئی دہلی، 19 ستمبر (ہ س):۔

راوز ایونیو کورٹ کی سیشن عدالت میں ہفتے کے روز کانگریس صدر ملکارجن کھرگے کی جانب سے اس بات سے انکار کیا گیا کہ وہ تحریری یقین دہانی کرائیں گے کہ وہ آر ایس ایس کے خلاف کوئی بھی ہتک آمیز بیان نہیں دیں گے۔ اسپیشل جج روبی نیرج کمار نے معاملے کی اگلی سماعت 28 ستمبر کو مقرر کرنے کا حکم دیا۔

سماعت کے دوران شکایت کنندہ رویندر کمار گپتا کی جانب سے کہا گیا کہ وہ اپنی عرضی واپس لینا چاہتے ہیں، بشرطیکہ ملکارجن کھرگے اس سلسلے میں تحریری یقین دہانی کرائیں کہ وہ آر ایس ایس کے بارے میں توہین آمیز تبصرے نہیں کریں گے۔ اس پر ملکارجن کھرگے کی جانب سے کہا گیا کہ وہ ایسی تحریری یقین دہانی دینے کے لیے تیار نہیں ہیں۔

اس کے بعد شکایت کنندہ کی جانب سے کہا گیا کہ اس معاملے میں دلائل پیش کرنے کے لیے سینئر وکیل دستیاب نہیں ہیں۔ اس پر عدالت نے اگلی سماعت 29 ستمبر کو مقرر کرنے کا حکم دیا۔

اس سے قبل سماعت کے دوران عدالت نے عرضی گزار کو ہدایت دی تھی کہ وہ کرناٹک میں ملکارجن کھرگے کی جانب سے دیے گئے بیان سے متعلق خبر کا لنک عدالت میں جمع کرائیں۔

سماعت کے دوران عرضی گزار کے وکیل گگن گاندھی نے دلائل پیش کرتے ہوئے کرناٹک ہائی کورٹ کی جانب سے جاری کیے گئے اس سمن کا ذکر کیا تھا، جو ملکارجن کھرگے کے بیٹے پریانک کھرگے کو آر ایس ایس کے خلاف بیان دینے کے بعد جاری کیا گیا تھا۔

گگن گاندھی نے کہا تھا کہ یہ معاملہ بھی آر ایس ایس کے خلاف بیان دینے سے متعلق ہے، اس لیے اس معاملے میں بھی ایف آئی آر درج کرنے کا حکم دیا جائے۔

اس سے قبل کی سماعت کے دوران ملکارجن کھرگے کی جانب سے سینئر وکیل ربیکا جان نے دلائل پیش کیے تھے۔ انہوں نے کہا تھا کہ مجسٹریٹ عدالت نے ایف آئی آر درج کرنے کی درخواست مسترد کرکے قانون کے مطابق فیصلہ کیا ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل عرضی گزار رویندر گپتا کے وکیل گگن گاندھی نے دلائل پیش کرتے ہوئے کہا تھا کہ عرضی گزار آر ایس ایس کا رکن ہونے کی حیثیت سے ملکارجن کھرگے کے بیانات سے متاثر ہوا ہے۔ انہوں نے ملکارجن کھرگے کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستان سماچار / عطاءاللہ


 rajesh pande