وزیراعظم نے 51 ہزار سے زائد نوجوانوں کو تقرری نامے سونپے
نئی دہلی، 19 ستمبر(ہ س)۔ وزیراعظم نریندر مودی نے ہفتہ کے روز سرکاری خدمت میں شامل ہونے والے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ ”شہری دیوو بھو“ یعنی ”شہری کو دیوتا کے برابر سمجھیں“ کو اپنا منتر بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کی خدمت ہی دراصل ملک کی خدمت ہے۔
وزیراعظم نے 51 ہزار سے زائد نوجوانوں کو تقرری نامے سونپے


نئی دہلی، 19 ستمبر(ہ س)۔ وزیراعظم نریندر مودی نے ہفتہ کے روز سرکاری خدمت میں شامل ہونے والے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ ”شہری دیوو بھو“ یعنی ”شہری کو دیوتا کے برابر سمجھیں“ کو اپنا منتر بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کی خدمت ہی دراصل ملک کی خدمت ہے۔ سرکاری ملازمین کے رویے، حساسیت، کارکردگی اور ایمانداری سے ہی لوگوں کا حکومت کے ساتھ تجربہ طے ہوتا ہے۔وزیراعظم نریندر مودی نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے 20ویں روزگار میلے سے خطاب کیا اور مختلف سرکاری محکموں و اداروں میں مقرر کیے گئے 51 ہزار سے زائد نوجوانوں کو تقرری نامے سونپے۔ انہوں نے نومقرر نوجوانوں اور ان کے اہل خانہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ان کی کامیابی میں ان کی محنت کے ساتھ ساتھ والدین اور خاندان کی قربانیوں کا بھی بڑا کردار ہے۔ یہ روزگار میلہ ملک بھر میں 45 مقامات پر منعقد کیا گیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ آج تقرری نامے حاصل کرنے والے نوجوان ایسے وقت میں سرکاری خدمت میں داخل ہو رہے ہیں، جب ہندوستان 2047 تک ترقی یافتہ ملک بننے کے ہدف کی جانب آگے بڑھ رہا ہے۔ انہوں نے نوجوانوں سے کہا کہ ان کا ہر فیصلہ اور ہر کوشش ”وکست بھارت“ اور ”آتم نربھر بھارت“ کے عزم کو مضبوط بنانے والی ہونی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ ہندوستانی نوجوانوں کی صلاحیت، ہنر اور اختراع پر دنیا کا اعتماد مسلسل بڑھ رہا ہے۔ ہندوستان کے نوجوان دنیا کے مختلف شعبوں میں اپنی شناخت قائم کر رہے ہیں اور اب اسی توانائی اور صلاحیت کا مظاہرہ عوامی خدمت کے شعبے میں بھی ہونا چاہیے۔ مودی نے کہا کہ نوجوانوں کو مسلسل سیکھتے رہنا ہوگا اور نئی ٹیکنالوجی، نئے نظام اور بدلتی ہوئی ضروریات کے مطابق خود کو تیار کرنا ہوگا۔وزیراعظم نے حال ہی میں منعقدہ برکس سربراہی اجلاس کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان چاہتا ہے کہ برکس کا تعاون صرف حکومتوں تک محدود نہ رہے، بلکہ کاروباری افراد، کسانوں، خواتین اور نوجوانوں کو بھی اس میں فعال شراکت دار بنایا جائے۔ انہوں نے برکس کنیکٹ اور برکس ایم ایس ایم ای تعاون پورٹل کا بھی ذکر کیا۔

مودی نے کہا کہ ہندوستان نے حالیہ برسوں میں تقریباً 40 ممالک کے ساتھ آزاد تجارتی معاہدے کیے ہیں، جس سے ہندوستانی نوجوانوں کے لیے نئی منڈیوں، شراکت داریوں اور روزگار کے مواقع پیدا ہو رہے ہیں۔ حکومت نوجوانوں کو مستقبل کی ضروریات کے لیے تیار کرنے پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ قومی تعلیمی پالیسی، اسکل انڈیا مشن، پردھان منتری کوشل وکاس یوجنا اور اپرنٹس شپ پروگرام اسی سمت میں کیے گئے اقدامات ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہندوستان دنیا کا تیسرا سب سے بڑا اسٹارٹ اَپ ایکو سسٹم بن چکا ہے اور تسلیم شدہ اسٹارٹ اَپس میں تقریباً نصف دوسرے اور تیسرے درجے کے شہروں سے تعلق رکھتے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ حکومت نوجوانوں کو صرف روزگار تلاش کرنے والا نہیں بلکہ روزگار فراہم کرنے والا بنانے کے لیے بھی مواقع اور سازگار ماحول پیدا کر رہی ہے۔

مودی نے پردھان منتری وکست بھارت روزگار یوجنا کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس کا مقصد تقریباً دو کروڑ نوجوانوں کو پہلی مرتبہ ورک فورس کا حصہ بننے میں مدد فراہم کرنا ہے۔ حکومت کی توجہ روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے کے ساتھ ساتھ نوجوانوں کو بدلتی ہوئی معیشت کی ضروریات کے مطابق تیار کرنے پر بھی ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ ملک کی معیشت نے رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں 7.8 فیصد کی شرح نمو درج کی ہے۔ اصلاحات کی رفتار کو مزید تیز کیا جا رہا ہے اور ”ریفارم ایکسپریس“ کو پوری طاقت کے ساتھ آگے بڑھایا جا رہا ہے۔ ٹیکس نظام اور ضابطوں کی پابندی کو آسان بنانے، کاروبار کرنے میں سہولت بڑھانے، تعلیم و ہنرمندی کے شعبے میں اصلاحات اور اختراع کو فروغ دینے جیسے اقدامات کا مقصد ترقی اور روزگار کے مواقع کو رفتار دینا ہے۔

وزیراعظم نے نومقرر سرکاری ملازمین سے کہا کہ وہ جس فائل پر بھی دستخط کریں یا جو بھی فیصلہ لیں، اس میں نوجوانوں کی امنگوں اور شہریوں کی ضروریات کو مدنظر رکھا جانا چاہیے۔ ان کی کوشش ہونی چاہیے کہ جن مشکلات سے انہیں یا ان کے خاندانوں کو کبھی گزرنا پڑا، ویسی مشکلات کا سامنا کسی دوسرے شہری کو نہ کرنا پڑے۔انہوں نے کہا کہ مشن کرم یوگی کے پلیٹ فارم سے 1.70 کروڑ سے زیادہ سرکاری ملازمین وابستہ ہو چکے ہیں اور ”کرم یوگی پرارمبھ“ جیسے پروگرام نئے ملازمین کو اپنی ذمہ داریوں کو سمجھنے میں مدد فراہم کر رہے ہیں۔مودی نے کہا کہ حکومت کی اصل طاقت شہریوں کا اعتماد ہے۔ اس لیے سرکاری ملازمین کا ہر رویہ اور ہر فیصلہ اس اعتماد کو مزید مضبوط کرنے والا ہونا چاہیے۔ انہوں نے نومقرر نوجوانوں سے کہا کہ وہ سرکاری خدمت کو محض ایک ملازمت نہ سمجھیں بلکہ اسے ملک اور شہریوں کی خدمت کا ایک موقع سمجھیں۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستان سماچار / Mohammad Khan


 rajesh pande