
نئی دہلی، 19 ستمبر (ہ س)۔
مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ 29 ستمبر کو ’باراپُلا (بابا بندہ سنگھ بہادر سیتو) فیز-3‘ سڑک کا افتتاح کریں گے۔ اس منصوبے کی تکمیل کے ساتھ آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (ایمس) سے میور وہار فیز-1 تک براہ راست رابطہ قائم ہو جائے گا۔
دہلی کے تعمیرات عامہ کے وزیر پرویش صاحب سنگھ نے ہفتہ کے روز ’باراپُلا فیز-3‘ منصوبے کا معائنہ کرنے کے بعد کہا کہ مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ 29 ستمبر کو اس منصوبے کا افتتاح کریں گے، جس سے طویل عرصے سے زیر التوا یہ منصوبہ مکمل ہو جائے گا۔
انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا کہ جو منصوبہ برسوں سے تعطل کا شکار تھا، اسے دہلی کی بی جے پی حکومت نے محض ڈیڑھ سال میں مکمل کر لیا ہے۔ اس سے دہلی کے بنیادی ڈھانچے اور رابطے کی سہولتوں کو زبردست فروغ ملے گا۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا کی قیادت میں طویل عرصے سے زیر التوا منصوبوں کو اب مقررہ وقت پر مکمل کرنے اور انہیں عوام کے حوالے کرنے پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔
قابل ذکر ہے کہ اس منصوبے کا مقصد مشرقی اور جنوبی دہلی کے درمیان بلا رکاوٹ رابطہ فراہم کرنا ہے۔ سگنل فری راستے کے ذریعے میور وہار فیز-1 اور ایمس کو جوڑا جائے گا۔ یہ نیا فلائی اوور سرائے کالے خان میں موجود باراپُلا فیز-1 فلائی اوور سے منسلک ہو جائے گا، جس سے تقریباً نو کلومیٹر طویل راستہ مکمل ہو جائے گا۔
باراپُلا منصوبہ دہلی کا ایک کثیر مرحلہ شہری بنیادی ڈھانچے کا منصوبہ ہے، جس کا مقصد مشرقی دہلی کو جنوبی دہلی سے تیز رفتار اور سگنل فری رابطہ فراہم کرنا ہے۔ اس کا پہلا مرحلہ 2010 میں دولت مشترکہ کھیلوں کے دوران سرائے کالے خان سے جواہر لال نہرو اسٹیڈیم تک تعمیر کیا گیا تھا۔ دوسرے مرحلے کو 2018 میں آئی این اے مارکیٹ اور اروند مارگ تک توسیع دی گئی تھی۔
تیسرا مرحلہ، جو 2026 میں مکمل ہوا، میور وہار کو سرائے کالے خان اور ایمس سے جوڑتا ہے۔ تقریباً 3.5 کلومیٹر طویل اس کوریڈور میں آٹھ ریمپ، سائیکل ٹریک اور جدید طرز تعمیر شامل ہے۔ منصوبے سے سفر کا وقت 35 سے 40 منٹ سے کم ہو کر تقریباً 15 منٹ رہ گیا ہے، جس سے رنگ روڈ، ڈی این ڈی فلائی وے اور قومی شاہراہ-24 پر ٹریفک کا دباو¿ کم ہونے کی توقع ہے۔
تاہم، زمین کے حصول اور انتظامی رکاوٹوں کے باعث اس منصوبے میں تقریباً نو سال کی تاخیر ہوئی اور اس کی لاگت بڑھ کر 1,635 کروڑ روپے تک پہنچ گئی۔
اس منصوبے کا نام مغلیہ دور کے باراپُلا پل سے منسلک ہے، جسے 17ویں صدی میں شہنشاہ جہانگیر کے دور میں مہر بانو آغا نے تعمیر کرایا تھا۔ تاہم، بعد میں اس کا نام بابا بندہ سنگھ بہادر سیتو کر دیا گیا۔
دہلی حکومت نے 8 جون 2016 کو نائب وزیر اعلیٰ منیش سسودیا کی صدارت میں منعقدہ ریاستی نام گذاری اتھارٹی کی میٹنگ میں یہ فیصلہ کیا تھا۔ اس وقت بابا بندہ سنگھ بہادر کی شہادت کے 300 سال مکمل ہو رہے تھے اور طویل عرصے سے یہ مطالبہ کیا جا رہا تھا کہ دہلی کے کسی اہم منصوبے کو ان کے نام سے منسوب کیا جائے۔
چونکہ ان کی شہادت دہلی کے مہرولی علاقے میں ہوئی تھی اور وہاں ان کے نام سے ایک گردوارہ بھی موجود ہے، اس لیے اس فلائی اوور کو ان کے نام سے منسوب کرکے نہ صرف ٹریفک کی سہولت کو تاریخی اہمیت دی گئی بلکہ دہلی کی ثقافتی یادداشت کو بھی خراج عقیدت پیش کیا گیا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / عطاءاللہ