
نیویارک،18ستمبر(ہ س)۔امریکا نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے لیے نیویارک آنے والے ایرانی حکام اور ان کے ہمراہ موجود افراد کی لگژری اشیائ کی خریداری پر عائد پابندی برقرار رکھنے کا اعلان کیا ہے۔
امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان ٹومی پیگوٹ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر جاری بیان میں کہا کہ ایرانی حکام کو جنرل اسمبلی کے اجلاس کے دوران نیویارک میں قیام کے وقت پرتعیش اور لگژری اشیائ خریدنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ٹومی پیگوٹ نے نیویارک کے علاقے میں موجود ریٹیلرز کو بھی متنبہ کیا کہ وہ ان پابندیوں سے آگاہ رہیں اور ایرانی وفد یا اس سے وابستہ افراد کو ممنوعہ اشیائ کی خریداری میں کسی قسم کی معاونت فراہم نہ کریں۔
رپورٹ کے مطابق امریکی انتظامیہ نے ایرانی صدر مسعود پزشکیان، وزیر خارجہ عباس عراقچی سمیت دیگر اعلیٰ حکام کو آئندہ ہفتے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اعلیٰ سطحی اجلاس میں شرکت کے لیے ویزے دینے کی منظوری دی ہے۔ تاہم ایرانی وفد کے لیے سفری سرگرمیوں اور خریداری سے متعلق پابندیاں بدستور نافذ رہیں گی۔امریکی حکومت کا یہ اعلان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ایرانی اعلیٰ حکام اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے لیے نیویارک پہنچنے کی تیاری کر رہے ہیں۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Khan