
لداخ کے زنسکار میں مٹی کے تودے کی زد میں آنے سے دو مزدور جاں بحق
لداخ، 18 ستمبر (ہ س)۔ لداخ کے زنسکار کے رالکنگ گاؤں جانے والی سڑک پر ژنگچن کے قریب سڑک کی تعمیر کے دوران مٹی کا تودہ گرنے سے کشتواڑ کے دو مزدور جاں بحق جبکہ تین دیگر زخمی ہوگئے۔ ذرائع کے مطابق واقعہ جمعرات کو اس وقت پیش آیا جب مزدور محکمہ تعمرات عامہ زنسکار کے تحت جاری سڑک کی تعمیر کا کام کر رہے تھے۔ اچانک ڈھیلی مٹی کھسکنے سے دو مزدور ملبے تلے دب گئے۔
اطلاع ملتے ہی زنسکار پولیس، ٹنگری ریسکیو ٹیم، سی آر پی ایف اور فوج نے مشترکہ طور پر امدادی کارروائی شروع کی اور دونوں مزدوروں کو ملبے سے نکالا، تاہم وہ جانبر نہ ہوسکے۔ ہلاک ہونے والوں کی شناخت عبدالحمید ولد محمد صافی اور پون کمار کے طور پر ہوئی ہے، دونوں کا تعلق کشتواڑ سے بتایا گیا ہے۔
حادثے میں غلام محمد ولد محمد رمضان، عمر وانی ولد ظاہر احمد اور منیب بشیر ولد بشیر احمد زخمی ہوئے، جنہیں علاج کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا۔ منیب بشیر کی حالت مستحکم بتائی گئی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ پانچوں مزدور جے اینڈ کے سے تعلق رکھنے والے ایک ٹھیکیدار کے تحت سڑک کی تعمیر کے منصوبے پر کام کر رہے تھے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر