پنجاب: امرتسر میں ڈیوٹی پر تعینات اے ایس آئی کا گولی مار کر قتل
چنڈی گڑھ، 18 ستمبر (ہ س)۔ پنجاب کے امرتسر میں گزشتہ رات نامعلوم مسلح نوجوانوں نے ڈیوٹی پر تعینات اے ایس آئی کو گولی مار کر قتل کر دیا۔ واقعہ رات تقریباً ڈھائی بجے پیش آیا، جب تھانہ حکیمہ گیٹ میں تعینات اے ایس آئی ہرجیت سنگھ گشت پر تھے۔ پنجاب پولیس
Punjab-Amritsar-duty-ASI-shot-


چنڈی گڑھ، 18 ستمبر (ہ س)۔ پنجاب کے امرتسر میں گزشتہ رات نامعلوم مسلح نوجوانوں نے ڈیوٹی پر تعینات اے ایس آئی کو گولی مار کر قتل کر دیا۔ واقعہ رات تقریباً ڈھائی بجے پیش آیا، جب تھانہ حکیمہ گیٹ میں تعینات اے ایس آئی ہرجیت سنگھ گشت پر تھے۔ پنجاب پولیس کے ڈائریکٹر جنرل نے واقعے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ واقعے کی ذمہ داری دہشت گرد تنظیم تحریک طالبان ہندستان نے قبول کی ہے، تاہم پولیس نے اس کی تصدیق نہیں کی ہے۔

اطلاعات کے مطابق پنجاب کے ترن تارن کے رہنے والے اے ایس آئی ہرجیت سنگھ تھانہ حکیمہ گیٹ میں تعینات تھے۔ جمعرات کی رات تقریباً 2:30 سے 3 بجے کے درمیان وہ دانا منڈی علاقے میں پولیس ڈیوٹی پر موجود تھے۔ اسی دوران موٹر سائیکل پر سوار دو حملہ آوروں نے انہیں نشانہ بنایا اور فائرنگ کرکے فرار ہوگئے۔

فائرنگ کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی ٹیم موقع پر پہنچ گئی۔ شدید زخمی ہرجیت سنگھ کو فوری طور پر امن دیپ اسپتال لے جایا گیا۔ ڈاکٹروں نے علاج شروع کیا، لیکن ان کی حالت سنبھل نہ سکی اور انہوں نے دم توڑ دیا۔ پولیس نے لاش کو قبضے میں لے کر مزید کارروائی شروع کر دی ہے۔ حملے کے بعد تحریک طالبان ہندستان نامی تنظیم کی جانب سے اس کی ذمہ داری قبول کرنے کا دعویٰ سامنے آیا ہے۔

واقعے کے بعد وزیر اعلیٰ بھگونت مان نے کہا کہ پنجاب حکومت شہید کے اہل خانہ کے ساتھ کھڑی ہے۔ حکومت کی جانب سے اعزاز کے طور پر شہید کے خاندان کو ایک کروڑ روپے کی امدادی رقم دی جائے گی، جبکہ ایچ ڈی ایف سی بینک کی جانب سے بھی ایک کروڑ روپے کا چیک دیا جائے گا۔

پنجاب پولیس کے ڈائریکٹر جنرل گورو یادو نے واقعے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جائے وقوع کے آس پاس کے سی سی ٹی وی فوٹیج اور دیگر تکنیکی شواہد کی مدد سے تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ حملے کی وجہ اور ملزمان کی شناخت تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ہی واضح ہوگی۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستان سماچار / محمد شہزاد


 rajesh pande