
نئی دہلی، 18 ستمبر (ہ س)۔
بھارتی غذائی تحفظ اور معیاراتی اتھارٹی (ایف ایس ایس اے آئی) نے شیر خوار بچوں کی غذا تیار کرنے والی کمپنی نیسلے انڈیا لمیٹڈ کی دو اکائیوں کے خلاف بڑی کارروائی کی ہے۔
اتھارٹی نے جمعہ کے روز کمپنی کی دو اہم مصنوعات ’نین ایکسیلا پرو اسٹیج ون‘ اور ’لیکٹوجن پرو ون‘ کے سلسلے میں تحقیقات کے بعد کارروائی کا حکم جاری کیا ہے۔ اتھارٹی نے نیسلے انڈیا لمیٹڈ کے خلاف تین الگ الگ معاملات میں کارروائی شروع کی ہے۔
اتھارٹی نے ای کامرس پلیٹ فارموں پر فروخت ہونے والی ان مصنوعات کی جانچ کے دوران پایا کہ کمپنی اپنی مصنوعات پر ’پانچ ایچ ایم او‘، ’وہے پروٹین‘ اور ’آسانی سے ہضم ہونے والے وہے پروٹین‘ جیسے دعوے کر رہی تھی۔ ضوابط کے مطابق شیر خوار بچوں کی غذا سے متعلق مصنوعات پر اس طرح کے فروخت میں اضافے والے دعوے اور اشتہارات کرنا مکمل طور پر ممنوع ہے۔ یہ شیر خوار بچوں کی غذائیت سے متعلق ضوابط 2020 اور شیر خوار بچوں کے دودھ کے متبادل سے متعلق قانون 1992 کی براہ راست خلاف ورزی ہے۔
اس کے علاوہ کمپنی کے فالو اَپ فارمولا کے ایک نمونے کی لیبارٹری جانچ میں بایوٹن کی مقدار مقررہ معیار سے کم پائی گئی۔ دوبارہ جانچ کے لیے بھیجے جانے کے بعد بھی نمونہ مقررہ معیارات پر پورا نہیں اترا۔ انہی وجوہات کی بنا پر اتھارٹی نے نیسلے کے خلاف کارروائی کی ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / عطاءاللہ