اے ایم یو کے ایم بی اے، ہاسپٹل ایڈمنسٹریشن کے طلبہ کے لیے ’صحت عامہ کے نقطہ ہائے نظر‘ موضوع پر ورکشاپ کا اہتمام
علی گڑھ, 16 ستمبر (ہ س)۔ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے فیکلٹی آف مینجمنٹ اسٹڈیز اینڈ ریسرچ کے شعبہ بزنس ایڈمنسٹریشن نے ایم بی اے (ہاسپیٹل ایڈمنسٹریشن) کے طلبہ کے لیے ’صحت عامہ کے نقطہ ہائے نظر‘ موضوع پر ایک ورکشاپ منعقد کی، جس میں انفیکشن پر قابو پ
ورکشاپ


علی گڑھ, 16 ستمبر (ہ س)۔

علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے فیکلٹی آف مینجمنٹ اسٹڈیز اینڈ ریسرچ کے شعبہ بزنس ایڈمنسٹریشن نے ایم بی اے (ہاسپیٹل ایڈمنسٹریشن) کے طلبہ کے لیے ’صحت عامہ کے نقطہ ہائے نظر‘ موضوع پر ایک ورکشاپ منعقد کی، جس میں انفیکشن پر قابو پانے، ہاسپٹل ایڈمنسٹریشن، متبادل نظامِ ہائے طب اور طبی خدمات کی فراہمی میں ڈاکٹروں کے کردار کے حوالے سے مختلف جہتوں کو اجاگر کیا گیا۔

فیکلٹی آف مینجمنٹ اسٹڈیز اینڈ ریسرچ کے ڈین پروفیسر محمد نوید خاں نے شعبے اور چیئرپرسن پروفیسر سلمیٰ احمد کی جانب سے ایم بی اے (ہاسپٹل ایڈمنسٹریشن) کے طلبہ کے لیے خصوصی ورکشاپ منعقد کرنے کے اقدام کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ ان طلبہ کی تعلیمی و پیشہ ورانہ ضروریات، شعبے کے دیگر پروگراموں کے طلبہ سے مختلف ہیں۔ انہوں نے ایسے اقدامات کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیتے ہوئے ماہرین کا بھی شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے طلبہ کے ساتھ اپنے علم اور تجربات کا اشتراک کیا۔شعبہ بزنس ایڈمنسٹریشن کی چیئرپرسن پروفیسر سلمیٰ احمد نے ماہرین، اساتذہ اور طلبہ کا خیرمقدم کرتے ہوئے ورکشاپ کے مقاصد پر روشنی ڈالی۔فیکلٹی آف میڈیسن کے شعبہ مائیکرو بایولوجی کی پروفیسر فاطمہ خان نے ’انفیکشن کی روک تھام‘ کے موضوع پر خطاب کے ساتھ اکیڈمک سیشن کا آغاز کیا۔ انہوں نے ہیلتھ کیئر مراکز میں انفیکشن سے بچاؤ، مریضوں کی حفاظت اور معیاری ضوابط کی پابندی کی اہمیت اجاگر کی۔بریلی انٹرنیشنل یونیورسٹی کے روہنی میڈیکل کالج اینڈ ہاسپٹل کے پرنسپل (بی آئی سی ایم)، ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ اور ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر فیض شمسی نے ’اسپتال منتظمین کا کردار‘ موضوع پر گفتگو کی۔ انہوں نے صحت خدمات کو مربوط کرنے، وسائل کے انتظام اور اسپتال کے امور کو مؤثر انداز میں چلانے میں اسپتال منتظمین کی ذمہ داریوں پر روشنی ڈالی۔علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی فیکلٹی آف یونانی میڈیسن کے شعبہ نسواں و قبالت کی ڈاکٹر فہمیدہ زینت نے ’متبادل نظام ہائے طب‘ کے موضوع پر خطاب کیا۔ انہوں نے طلبہ کو متبادل نظام ہائے طب سے روشناس کراتے ہوئے ہیلتھ کیئر کے وسیع تر منظرنامے میں ان کی اہمیت سے آگاہ کیا۔شعبہ بزنس ایڈمنسٹریشن، اے ایم یو کے ریسرچ اسکالر ڈاکٹر شیراز خان نے ’ڈاکٹروں کا کردار‘ موضوع پر گفتگو کی۔ انہوں نے طبی خدمات کی فراہمی میں ڈاکٹروں کے کردار اور طبی ماہرین و اسپتال منتظمین کے درمیان مؤثر باہمی تعاون کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ورکشاپ میں ایک کوئز بھی منعقد کیا گیا، جس میں ایم بی اے (ہاسپٹل ایڈمنسٹریشن)، سال آخرکے طالب علم حمزہ احمد صدیقی نے اول انعام حاصل کیا۔ ورکشاپ میں ایم بی اے (ہاسپٹل ایڈمنسٹریشن) کے طلبہ نے شرکت کی اور ہیلتھ کیئر کے مختلف پہلوؤں کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔پروگرام کی نظامت ایم بی اے (ہاسپٹل ایڈمنسٹریشن) کی طالبہ مس کلثوم زہرا نے کی، جبکہ مس نوشین شان نے کلمات تشکر ادا کئے۔

---------------

ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ


 rajesh pande