جماعت اسلامی ہند عثمان پور یونٹ کے زیرِ اہتمام درسِ قرآن و درسِ حدیث کا انعقاد
انبیائے کرام کی دعوتِ توحید، نماز کی پابندی اور حضرت عمر کے قبولِ اسلام سے ملنے والا ایمان و عمل کا پیغام نئی دہلی،16ستمبر (ہ س )۔ جماعت اسلامی ہند کے عثمان پور یونٹ کے زیرِ اہتمام درسِ قرآن و درسِ حدیث کا انعقاد ہوا، جس میں عبدالغفار صاحب نے سو
جماعت اسلامی ہند عثمان پور یونٹ کے زیرِ اہتمام درسِ قرآن و درسِ حدیث کا انعقاد


انبیائے کرام کی دعوتِ توحید، نماز کی پابندی اور حضرت عمر کے قبولِ اسلام سے ملنے والا ایمان و عمل کا پیغام

نئی دہلی،16ستمبر (ہ س )۔

جماعت اسلامی ہند کے عثمان پور یونٹ کے زیرِ اہتمام درسِ قرآن و درسِ حدیث کا انعقاد ہوا، جس میں عبدالغفار صاحب نے سورہ مریم کی آیات 51 تا 65 کا ترجمہ و تفسیر پیش کیا۔ انہوں نے حضرت موسیٰ علیہ السلام، حضرت ہارون علیہ السلام، حضرت اسماعیل علیہ السلام اور حضرت ادریس علیہ السلام کے واقعات اور ان کی نمایاں صفات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ انبیائے کرام کی زندگیوں کا بنیادی پیغام اللہ کی بندگی، توحید، صداقت، نماز کی پابندی اور اہلِ خانہ کی دینی تربیت ہے۔

انہوں نے خصوصاً حضرت اسماعیل علیہ السلام کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ وہ وعدے کے سچے تھے اور اپنے گھر والوں کو نماز اور زکوٰةکا حکم دیتے تھے۔ ان واقعات سے واضح ہوتا ہے کہ اللہ کے نیک بندے صرف اپنی اصلاح تک محدود نہیں رہتے بلکہ اپنے خاندان اور معاشرے کی اصلاح کی بھی فکر کرتے ہیں۔

درس میں یہ بھی واضح کیا گیا کہ انبیائے کرام کے بعد آنے والی بعض نسلوں نے نماز کو ضائع کیا اور خواہشاتِ نفس کی پیروی اختیار کی، جس سے انسان کے لیے یہ اہم سبق ملتا ہے کہ ہدایت پر قائم رہنے کے لیے ایمان کے ساتھ نماز، تقویٰ اور اللہ کی اطاعت کو مضبوطی سے تھامے رکھنا ضروری ہے۔

بعد ازاں وسیم احمد نے درسِ حدیث پیش کرتے ہوئے حضرت عمر بن خطاب رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے قبولِ اسلام کا ایمان افروز واقعہ بیان کیا۔ انہوں نے بتایا کہ کس طرح قرآن کی آیات نے حضرت عمر کے دل پر اثر کیا اور ان کی زندگی کا رخ بدل گیا۔ ان کے اسلام قبول کرنے سے مسلمانوں کو نئی قوت اور حوصلہ حاصل ہوا۔

حضرت عمر کے قبولِ اسلام کا واقعہ یہ پیغام دیتا ہے کہ کسی انسان کی ہدایت سے مایوس نہیں ہونا چاہیے۔ اللہ تعالیٰ جب چاہتا ہے، قرآن کی روشنی سے دلوں کو بدل دیتا ہے۔ اس لیے مسلمانوں کو خود قرآن سے مضبوط تعلق قائم کرنے کے ساتھ حکمت، خیرخواہی اور اخلاص کے ساتھ دوسروں تک دین کا پیغام پہنچانا چاہیے۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستان سماچار / Md Owais Owais


 rajesh pande