
نئی دہلی، 16 ستمبر (ہ س)۔
عالمی یومِ اوزون کے موقع پر بدھ کے روز مرکزی وزیر مملکت برائے ماحولیات، جنگلات و موسمیاتی تبدیلی کیرتی وردھن سنگھ نے نیٹ زیرو پورٹل اور قومی موسمیاتی تبدیلی ایکشن پلان (این اے پی سی سی) ڈیش بورڈ کا افتتاح کیا۔
ان دونوں ڈیجیٹل پلیٹ فارموں کا مقصد رضاکارانہ نیٹ زیرو کوششوں کو فروغ دینا اور ملک میں جاری ماحولیاتی مشنوں کی پیش رفت کی نگرانی کو مزید مضبوط بنانا ہے۔
نیٹ زیرو پورٹل مختلف شعبوں میں کام کرنے والے بھارتی اداروں کو اپنے رضاکارانہ نیٹ زیرو اہداف درج کرنے اور ان کی پیش رفت عوام کے سامنے پیش کرنے کے لیے ایک مشترکہ پلیٹ فارم فراہم کرے گا۔
اس پورٹل پر ادارے اپنے گرین ہاو¿س گیسوں کے اخراج، نیٹ زیرو اہداف اور ہر سال کی پیش رفت سے متعلق معلومات درج کر سکیں گے۔
پورٹل پر اسکوپ 1 اور اسکوپ 2 کے اخراج کی معلومات فراہم کرنے کی حوصلہ افزائی کی گئی ہے، جبکہ اسکوپ 3 کے اخراج کی رپورٹنگ رضاکارانہ رکھی گئی ہے۔
ادارے نیٹ زیرو تک پہنچنے کے لیے اپنی حکمتِ عملی بھی شیئر کر سکیں گے۔ اس میں صاف توانائی کا استعمال، توانائی کی کارکردگی میں اضافہ، تکنیکی اقدامات اور کاربن ریموول جیسی سرگرمیاں شامل ہیں۔
نیٹ زیرو کا ہدف مقرر کرنے والے اہل اداروں کو وزارتِ ماحولیات کی جانب سے اس کی تصدیق سے متعلق منظوری بھی دی جائے گی۔
دوسری جانب، ڈیش بورڈ قومی موسمیاتی تبدیلی ایکشن پلان کے تحت جاری مختلف قومی مشنوں کی پیش رفت کو ایک ہی ڈیجیٹل پلیٹ فارم پر دکھائے گا۔
اس سے متعلقہ وزارتوں اور محکموں کو منصوبوں کی نگرانی، مختلف علاقوں میں پیش رفت کا جائزہ لینے اور عمل درآمد میں موجود خامیوں کی نشاندہی کرنے میں مدد ملے گی۔
وزارت کے مطابق، دونوں پلیٹ فارم موسمیاتی اقدامات میں شفافیت، بہتر تال میل اور اعداد و شمار پر مبنی فیصلہ سازی کو مضبوط بنائیں گے۔
اس کے علاوہ، ان سے بھارت کی داخلی موسمیاتی کوششوں اور بین الاقوامی موسمیاتی وعدوں کے درمیان بہتر ہم آہنگی پیدا کرنے میں بھی مدد ملے گی۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / عطاءاللہ