
نئی دہلی، 16 ستمبر (ہ س)۔ مرکزی حکومت نے پاکستان میں قائم شہزاد بھٹی نیٹ ورک (ایس بی این) کو غیر قانونی سرگرمیاں (روک تھام) ایکٹ (یو اے پی اے) کے تحت دہشت گرد تنظیم قرار دیا ہے۔ حکومت نے گزٹ نوٹیفکیشن جاری کرکے یو اے پی اے کی پہلی فہرست میں ترمیم کرتے ہوئے شہزاد بھٹی نیٹ ورک کو دہشت گرد تنظیموں کی فہرست میں 46ویں نمبر پر شامل کیا ہے۔
مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کے دفتر کی جانب سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری ایک سرکاری پوسٹ میں کہا گیا ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی دہشت گردی کے تئیں ’زیرو ٹالرنس‘ کی پالیسی کو آگے بڑھاتے ہوئے وزارت داخلہ نے شہزاد بھٹی نیٹ ورک کو یو اے پی اے کے تحت دہشت گرد تنظیم قرار دیا ہے۔
شہزاد بھٹی نیٹ ورک سرحد پار سے ہتھیاروں، دھماکہ خیز مواد اور منشیات کی اسمگلنگ کے علاوہ نوجوانوں اور چھوٹے جرائم پیشہ افراد کو دہشت گردی کی جانب راغب کرنے میں ملوث ہے۔ یہ نیٹ ورک بھارت کے جمہوری ڈھانچے اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو نشانہ بنانے کے ساتھ نفرت انگیز ڈیجیٹل مواد بھی شائع کرتا رہا ہے۔
گزٹ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ شہزاد بھٹی نیٹ ورک کا مقصد نوجوانوں اور مقامی جرائم پیشہ افراد کو سرحد پار سے ہتھیار، دھماکہ خیز مواد اور منشیات کی اسمگلنگ میں شامل کرنا اور دہشت گردانہ سرگرمیوں کے ذریعے ملک کے جمہوری نظام، فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور داخلی سلامتی کے لیے سنگین خطرہ پیدا کرنا ہے۔ نوٹیفکیشن میں نیٹ ورک سے وابستہ ارکان کے خلاف مختلف ریاستوں میں درج فوجداری مقدمات کا بھی ذکر کیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق، یہ نیٹ ورک نوجوانوں کو مختلف قسم کے لالچ دے کر انتہا پسندی کی طرف لے جانے، انہیں ملک مخالف سرگرمیوں کے لیے اکسانے اور دیگر ممنوعہ تنظیموں اور نامزد اداروں کے ساتھ مل کر ایسی سرگرمیوں کے لیے وسائل جمع کرنے میں ملوث رہا ہے۔ حکومت نے یہ بھی کہا ہے کہ نیٹ ورک ڈیجیٹل مواصلاتی پلیٹ فارم کا استعمال اشتعال انگیز پیغامات اور مواد پھیلانے کے لیے کرتا رہا ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالواحد