
ایم پی میں جس زمین پر 40 سال سے بغیر دستاویزات کے مقیم ہیں، اب انہیں مالکانہ حق ملے گا
بی جے پی صدر نتن نوین جمعرات کو اندور میں سوامتو یوجنا کا آغاز کریں گے
اندور، 16 ستمبر (ہ س)۔
مدھیہ پردیش کے اندور میں برسوں سے زمین اور مکان میں آباد رہنے کے باوجود جائز دستاویزات یا پٹہ نہیں ہونے کا مسئلہ جھیل رہے تقریباً 30 ہزار افراد کو اب راحت ملنے جا رہی ہے۔ بی جے پی کے قومی صدر نتن نوین جمعرات کو اندور پہنچیں گے۔ وہ یہاں سپر کوریڈور میدان میں منعقدہ پروگرام میں سوامتو یوجنا کا افتتاح کریں گے۔ تقریب میں وزیر اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو بھی موجود رہیں گے۔
قومی صدر بننے کے بعد نتن نوین کا مدھیہ پردیش کا یہ پہلا دورہ ہوگا۔ تاہم ان کے پروگرام کے سلسلے میں کوئی استقبالیہ ریلی یا جلوس نہیں نکالا جائے گا۔ ریاست کے وزیر برائے شہری ترقی کیلاش وجے ورگیہ کے مطابق وقت کی قلت کے پیش نظر ان کا دورہ بنیادی طور پر سرکاری تقریب تک ہی محدود رہے گا۔
وزیر کیلاش وجے ورگیہ نے بدھ کو بتایا کہ سوامتو یوجنا کے ذریعے ان لوگوں کو زمین اور مکان کے جائز حقوق دینے کی سمت میں پیش رفت کی جا رہی ہے، جو طویل عرصے سے کسی مقام پر رہ رہے ہیں لیکن ان کے پاس ملکیت سے متعلق دستاویزات یا پٹہ میسر نہیں ہے۔ اندور اور اس کے گرد و نواح کے علاقوں میں تقریباً 30 ہزار افراد کو ملکیت کے پٹے دینے کی تیاریاں ہیں۔ اسکیم کے تحت جس جگہ پر شہری برسوں سے مقیم ہے، اسی جگہ پر اسے مالکانہ حق دلانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
وجے ورگیہ نے کہا کہ پردھان منتری آواس یوجنا کے تحت غریب خاندانوں کے لیے چار کروڑ سے زائد مکانات تعمیر کیے جا چکے ہیں۔ دیہی علاقوں میں متعدد خاندانوں نے یہ مسئلہ سامنے رکھا تھا کہ وہ تقریباً 40 برسوں سے اپنی زمین پر رہ رہے ہیں، لیکن ان کے پاس اس زمین کے قانونی حقوق یا پٹہ موجود نہیں ہے۔ اس کے بعد وزیر اعظم نریندر مودی کی ہدایت پر سوامتو یوجنا کو آگے بڑھایا گیا۔
بی جے پی صدر نتن نوین کا دورۂ اندور مختصر وقت کے لیے ہوگا۔ گو کہ وہ مدھیہ پردیش کے دو روزہ دورے پر آ رہے ہیں، لیکن اندور کے طے شدہ پروگرام میں شرکت کے بعد وہ اجین روانہ ہو جائیں گے۔ قومی صدر منتخب ہونے کے بعد ان کا ایم پی کا یہ پہلا دورہ ہوگا۔ وزیر اعظم نریندر مودی کی عوامی زندگی کے 25 برس مکمل ہونے کے موقع پر چلائی جانے والی ’سیوا سنکلپ ابھیان‘ کے تحت وہ اجین کے رام گھاٹ پر منعقدہ پروگرام میں بھی شرکت کریں گے۔
طے شدہ شیڈول کے مطابق نتن نوین 17 ستمبر کو دوپہر 1.45 بجے اندور کے دیوی اہلیابائی ہولکر ہوائی اڈے پر پہنچیں گے۔ اس کے بعد دوپہر 2.55 بجے گاندھی نگر گراونڈ میں منعقدہ پروگرام میں شریک ہو کر سوامتو یوجنا کے تحت نئی ریاست گیر رجسٹریشن مہم کا باضابطہ افتتاح کریں گے۔ اندور کے مقامی پروگراموں میں شرکت کے بعد وہ شام تقریباً 5.05 بجے اجین پہنچیں گے۔
اجین پہنچنے کے بعد شام تقریباً 6.45 بجے نتن نوین رام گھاٹ جائیں گے۔ یہاں وہ ماں شپرا کی آرتی میں شریک ہونے کے ساتھ ساتھ ’سیوا سنکلپ ابھیان‘ کے تحت ’آشیرواد کا دیا‘ روشن کریں گے۔ اس کے بعد رات 8 بجے رام گھاٹ پر منعقدہ بھجن سندھیا میں بھی شریک ہوں گے۔ رات کا قیام اجین میں رہے گا۔
اگلے روز 18 ستمبر کو نتن نوین علی الصبح شری مہاکالیشور مندر پہنچیں گے اور بھسم آرتی میں شامل ہو کر بابا مہاکال کے درشن و پوجا کریں گے۔ اس کے بعد صبح تقریباً 9.30 بجے اجین سے اندور کے لیے روانہ ہوں گے۔ تقریباً 10 بجے اندور ہوائی اڈے سے پنجاب کے لیے پرواز کریں گے۔ قومی صدر کی آمد کے پیش نظر بی جے پی تنظیم نے دونوں شہروں میں تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔ انتظامیہ اور پولیس کی جانب سے بھی تقاریب کے مقامات اور ان کی آمد و رفت کے سلسلے میں سیکورٹی اور دیگر انتظامات کیے جا رہے ہیں۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن