
بھوپال، 16 ستمبر (ہ س)۔ مدھیہ پردیش میں آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین (اے آئی ایم آئی ایم) کے سربراہ اور حیدرآباد کے رکنِ پارلیمنٹ اسد الدین اویسی اور بی جے پی کے رکن اسمبلی رامیشور شرما کے مابین میزائل والے بیان پر زبانی و سیاسی جنگ تیز ہو گئی ہے۔ بی جے پی رکن اسمبلی رامیشور شرما نے اویسی پر نازیبا زبان استعمال کرنے کا الزام لگایا اور کہا کہ اگر وہ وکیل ہیں تو ان کے بیان کے خلاف عدالت کا رخ کر سکتے ہیں۔
اویسی نے منگل کی رات بھوپال میں یکساں سول کوڈ (یو سی سی) کے خلاف منعقدہ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بی جے پی رکن اسمبلی رامیشور شرما کے سلسلے میں قابلِ اعتراض بیان دیتے ہوئے کہا تھا کہ اگر مائی کے لال ہیں تو قاضی کیمپ میں آ کر میزائل چلا کر دکھائیں۔ میں اکیلے قاضی کیمپ میں کھڑے ہونے اور شہید ہونے کے لیے تیار ہوں، لیکن رامیشور شرما جیسے لوگوں کے سامنے سر نہیں جھکائیں گے۔
رامیشور شرما نے بدھ کو کہا کہ ہندوستان کے سائنس دانوں نے جو میزائل تیار کی ہے، اسے ہندوستانی فوج نے آپریشن سندور میں استعمال کر کے اپنی طاقت دکھائی۔ شرما نے مزید کہا کہ میزائل چلتی تھی اور چلتی رہے گی۔ ان کے مطابق جہاں جہاں دہشت گرد اور ہندوستان مخالف کیمپ ہوں گے، وہاں ہندوستان کی میزائل تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپنے پرانے بیان پر کل بھی قائم تھے اور آج بھی قائم ہیں۔
شرما نے اویسی کی جانب سے یو سی سی کی مخالفت پر بھی جوابی حملہ کیا۔ انہوں نے سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ جب ہر سیاسی جماعت ہندووں کے ووٹ حاصل کرنا چاہتی ہے تو پھر ہندو قانون میں کیا برائی ہے؟ شرما نے کثرتِ ازدواج، حلالہ اور طلاق جیسی روایات کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں سب کے لیے یکساں قانون ہونا چاہیے۔
شرما نے دعویٰ کیا کہ مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کے اعلان کے مطابق 2029 تک 21 ریاستوں میں یو سی سی نافذ ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ یو سی سی نافذ ہو کر رہے گا اور اسے بابا صاحب امبیڈکر کے احساسات و جذبات کے عین مطابق لاگو کیا جائے گا۔
مدھیہ پردیش حکومت نے ریاست میں یو سی سی نافذ کرنے کی تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔ مدھیہ پردیش اسمبلی سے 21 جولائی کو پاس ہونے والے یکساں سول کوڈ (یو سی سی) بل کو گورنر کی منظوری مل چکی ہے اور اسے توثیق کے لیے صدر جمہوریہ کو بھیجا گیا ہے۔ صدر جمہوریہ کی منظوری کے بعد ہی اس کی دفعات ریاست میں نافذ العمل ہو سکیں گی۔ اس کے بعد محکمہ قانون و قانون سازی گزٹ میں نوٹیفکیشن جاری کرے گا۔ یو سی سی میں شادی، طلاق، وراثت اور لو ان ریلیشن شپ کے لیے یکساں قانونی نظام کی گنجائش رکھی گئی ہے۔ خواتین اور مردوں کو وراثت میں مساوی حقوق دینے کی شق بھی شامل ہے۔ قبائلی طبقات (شیڈولڈ ٹرائبز) کو اس کے دائرے سے مستثنیٰ رکھا گیا ہے۔
ایم پی میں نافذ ہونے والے یو سی سی کی مخالفت میں منگل کی رات بھوپال میں ایک بڑا عوامی جلسہ منعقد ہوا تھا، جس میں اے آئی ایم آئی ایم کے سربراہ اویسی بھی شریک ہوئے تھے۔ اسی جلسے میں انہوں نے اسٹیج سے رامیشور شرما کے ایک پرانے بیان کو لے کر انہیں للکارا تھا۔ رامیشور شرما کا قاضی کیمپ سے متعلق بیان کا ویڈیو ستمبر کے پہلے ہفتے میں سامنے آیا تھا، جس میں انہوں نے کروند چوراہہ سے قاضی کیمپ پر میزائل داغنے کی بات کہی تھی۔ بعد میں انہوں نے وضاحت پیش کی تھی کہ ان کا اشارہ بھوپال کے قاضی کیمپ کی طرف نہیں، بلکہ اسلام آباد کے قاضی کیمپ کی طرف تھا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن