
یو پی آئی ادائیگی پر ایم ڈی آر فیس عائد ہونے سے عام صارفین پر کوئی اثر نہیں پڑے گا : آر بی آئی
نئی دہلی، 16 ستمبر (ہ س)۔ ریزرو بینک آف انڈیا نے کہا کہ 2000 روپے سے زائد کے یو پی آئی لین دین پر 0.4 فیصد فیس (ایم ڈی آر) نافذ کرنا ہندوستان کے ڈیجیٹل پیمنٹ ایکوسسٹم کے طویل مدتی تسلسل کی سمت میں ایک اہم قدم ہے۔ مرکزی بینک نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر جاری ایک پوسٹ میں بتایا کہ ایکوسسٹم میں ایم ڈی آر کی منصفانہ اور مناسب تقسیم ٹیکنالوجی، بنیادی ڈھانچے اور قبولیت کے نظام میں مسلسل سرمایہ کاری کو فروغ دے گی۔ مرکزی بینک نے کہا کہ اس سے یو پی آئی کو ملک بھر میں صارفین اور کاروباروں کے لیے آگے بڑھنے، نئی اختراعات کرنے اور خدمات فراہم کرنے میں مدد ملے گی۔
آر بی آئی نے کہا کہ اس سے یو پی آئی کو وسیع تر قبولیت، صارفین کی تعداد میں اضافے اور لین دین کے حجم میں مسلسل بڑھوتری میں مدد مل سکتی ہے۔ اس میں سب سے اہم بات یہ ہے کہ تمام یو پی آئی لین دین (افراد سے افراد اور افراد سے تاجر یا مرچنٹ) صارفین کے لیے مفت رہیں گے اور 2000 روپے سے کم کے فرد سے تاجر کو ہونے والے لین دین تاجر کے لیے بھی بدستور مفت رہیں گے۔
مرکزی بینک نے یقین دہانی کرائی، ’’ریزرو بینک اس بات کو یقینی بنانے کے لیے بھی پرعزم ہے کہ یو پی آئی محفوظ، بلاتعطل، سستا اور قابل رسائی بنا رہے۔ اس کے ساتھ ہی ہندوستان کے عالمی معیار کے ڈیجیٹل پیمنٹ ایکوسسٹم کے طویل مدتی تسلسل اور ترقی کو بھی فروغ دے۔‘‘ اس سے ایک دن قبل نیشنل پیمنٹس کارپوریشن آف انڈیا (این پی سی آئی) نے کہا کہ حکومت نے بڑی ڈیجیٹل ادائیگی کے لیے جاری کیے گئے نئے نظام کے تحت 2 ہزار روپے سے زائد کے یو پی آئی لین دین موصول ہونے پر تاجروں سے 0.4 فیصد ’مرچنٹ ڈسکاونٹ ریٹ‘ (ایم ڈی آر) فیس وصول کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ تاہم، یو پی آئی ادائیگی پر اس نوعیت کا چارج عائد ہونے کا عام صارفین پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔
وہیں، وزارت خزانہ نے جاری ایک بیان میں بتایا کہ نئے نظام کے تحت 2 ہزار روپے سے زائد کی یو پی آئی ادائیگی موصول ہونے پر تاجروں سے 0.4 فیصد ایم ڈی آر فیس وصول کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس میں 75 ہزار روپے یا اس سے زائد کی ادائیگی پر زیادہ سے زیادہ فیس 300 روپے ہوگی۔
یہ نئی تبدیلیاں 15 اکتوبر، 2026 سے نافذ العمل ہو جائیں گی۔ ریلوے، ٹیلی کام اور ایندھن جیسے لازمی شعبوں میں فی لین دین 5 روپے کی یکساں فیس نافذ ہوگی، جبکہ کیپٹل مارکیٹ میں ادائیگی کے لیے ایم ڈی آر کی شرح 0.02 فیصد ہوگی۔ قابل ذکر ہے کہ یو پی آئی کا انتظام نیشنل پیمنٹس کارپوریشن آف انڈیا (این پی سی آئی) سنبھالتا ہے، جو ریزرو بینک اور انڈین بینکس ایسوسی ایشن کی ایک پہل ہے۔ یہ لوگوں کے درمیان ریئل ٹائم ادائیگی کی سہولت فراہم کرتا ہے اور صارفین کو خریداری کرتے وقت براہ راست مرچنٹ کو رقم ادا کرنے میں مدد دیتا ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن