
نئی دہلی، 16 ستمبر (ہ۔س)۔ فاسفورس اور ایسیٹون پر مبنی اسپیشلٹی کیمیکلز تیار کرنے والی کمپنی پرسول کیمیکلز لمیٹڈ کے حصص نے آج اسٹاک مارکیٹ میں گراوٹ کے ساتھ قدم رکھا، جس سے اس کے آئی پی او سرمایہ کاروں کو نقصان ہوا۔ آئی پی او کے تحت کمپنی کے حصص 676 روپے فی حصص کی قیمت پر جاری کیے گئے تھے۔ آج بی ایس ای پر ان کی لسٹنگ 9.62 فیصد ڈسکاونٹ کے ساتھ 611 روپے اور این ایس ای پر 9.76 فیصد ڈسکاونٹ کے ساتھ 610 روپے کی سطح پر ہوئی۔
کمزور لسٹنگ کے بعد خریداروں نے حصص کی خریداری شروع کر دی، جس سے اس کی قیمت میں بہتری آنے لگی۔ مسلسل خریداری کے باعث حصص کی قیمت بڑھ کر 667.15 روپے تک پہنچ گئی۔ تاہم، اس کے بعد اس میں معمولی گراوٹ دیکھی گئی۔ بازار میں جاری خرید و فروخت کے درمیان صبح 11:15بجے تک یہ حصص 660 روپے کی سطح پر کاروبار کر رہے تھے۔ اس طرح اب تک کی تجارت میں کمپنی کے آئی پی او سرمایہ کاروں کو فی حصص 16 روپے، یعنی 2.37 فیصد کا نقصان ہو گیا تھا۔
کمپنی کا 500 کروڑ روپے کا آئی پی او 8 سے 10 ستمبر کے درمیان سبسکرپشن کے لیے کھولا گیا تھا۔ سرمایہ کاروں کی جانب سے اسے اوسط ردِعمل ملا اور مجموعی طور پر یہ 3.47 گنا سبسکرائب ہوا۔ ان میں کوالیفائیڈ انسٹی ٹیوشنل بائرز (کیو آئی بی) کے لیے مختص حصہ 7.59 گنا سبسکرائب ہوا۔ اسی طرح نان انسٹی ٹیوشنل انویسٹرز (این آئی آئی) کے لیے مختص حصے کو 1.89 گنا سبسکرپشن ملا، جبکہ ریٹیل سرمایہ کاروں کے لیے مختص حصہ 1.79 گنا سبسکرائب ہوا۔
اس آئی پی او کے تحت 2 روپے مالیت کے کل 73,96,437 حصص جاری کیے گئے ہیں۔ ان میں تقریباً 80 کروڑ روپے مالیت کے 11,83,431 نئے حصص جاری کیے گئے، جبکہ تقریباً 420 کروڑ روپے مالیت کے 62,13,006 حصص آفر فار سیل (او ایف ایس) کے ذریعے فروخت کیے گئے۔ نئے حصص کے اجرا سے حاصل ہونے والی رقم کمپنی اپنی ورکنگ کیپیٹل کی ضروریات پوری کرنے، موجودہ قرض کا بوجھ کم کرنے، آئی پی او سے متعلق اخراجات کی ادائیگی اور عمومی کارپوریٹ مقاصد کے لیے استعمال کرے گی۔
پرسول کیمیکلز لمیٹڈ کی مالی صورتِ حال کی بات کریں تو کیپٹل مارکیٹ ریگولیٹر سیبی کے پاس جمع کرائے گئے ریڈ ہیرنگ پراسپیکٹس (آر ایچ پی) میں دی گئی معلومات کے مطابق کمپنی کی مالی حالت مسلسل مضبوط رہی ہے۔ مالی سال 2023تا2024 میں کمپنی کو 18.13 کروڑ روپے کا خالص منافع ہوا تھا، جو اگلے مالی سال 2024تا2025 میں بڑھ کر 43.57 کروڑ روپے ہوگیا۔ وہیں گزشتہ مالی سال 2025تا2026 میں کمپنی کا خالص منافع مزید بڑھ کر 83.12 کروڑ روپے تک پہنچ گیا۔
اس دوران کمپنی کی آمدنی میں بھی مسلسل اضافہ ہوا۔ مالی سال 2023تا2024 میں کمپنی نے 887.56 کروڑ روپے کی مجموعی آمدنی حاصل کی، جو مالی سال 2024تا2025 میں بڑھ کر 1,015.54 کروڑ روپے اور مالی سال 2025تا2026 میں مزید بڑھ کر 1,237.85 کروڑ روپے ہوگئی۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی