
نئی دہلی، 16 ستمبر (ہ۔س)۔ بڑی عمارتوں اور کمرشیل کمپلیکس کے لیے شیشے کی بیرونی دیواروں کی ڈیزائننگ اور فنشنگ سروس فراہم کرنے والی کمپنی گلاس وال سسٹمز (انڈیا) لمیٹڈ کے حصص نے آج اسٹاک مارکیٹ میں پریمیم کے ساتھ انٹری لے کر آئی پی او سرمایہ کاروں کو خوش کر دیا۔ آئی پی او کے تحت کمپنی کے حصص 182 روپے فی حصص کے حساب سے جاری کیے گئے تھے۔ آج بی ایس ای پر ان کی لسٹنگ 4.45 فیصد پریمیم کے ساتھ 190.10 روپے اور این ایس ای پر 6.59 فیصد پریمیم کے ساتھ 194 روپے کی سطح پر ہوئی۔
لسٹنگ کے بعد خریداری کے زور پر حصص کی قیمت کچھ ہی دیر میں بڑھ کر 232.80 روپے کی سطح تک پہنچ گئی۔ تاہم، اس کے بعد منافع وصولی شروع ہونے کے باعث قیمت میں معمولی گراوٹ بھی آئی۔ بازار میں جاری خرید و فروخت کے درمیان صبح 11:30بجے تک یہ حصص 207.57 روپے کی سطح پر کاروبار کر رہے تھے۔ اس طرح اب تک کی تجارت میں کمپنی کے آئی پی او سرمایہ کاروں کو فی حصص 25.57 روپے، یعنی 14.05 فیصد کا منافع ہو چکا تھا۔
کمپنی کا 427.89 کروڑ روپے کا آئی پی او 8 سے 10 ستمبر کے درمیان سبسکرپشن کے لیے کھولا گیا تھا۔ سرمایہ کاروں کی جانب سے اسے زبردست ردِعمل ملا، جس کے نتیجے میں یہ مجموعی طور پر 81.65 گنا سبسکرائب ہوا۔ کوالیفائیڈ انسٹی ٹیوشنل بائرز (کیو آئی بی) کے لیے مختص حصہ167.93 گنا سبسکرائب ہوا۔ اسی طرح نان انسٹی ٹیوشنل انویسٹرز (این آئی آئی) کے لیے مختص حصے کو 79.71 گنا سبسکرپشن ملا، جبکہ ریٹیل سرمایہ کاروں کے لیے مختص حصہ 33.18 گنا سبسکرائب ہوا۔
اس آئی پی او کے تحت 2 روپے مالیت کے کل 2,35,10,425 حصص جاری کیے گئے ہیں۔ ان میں تقریباً 60 کروڑ روپے مالیت کے 32,96,703 نئے حصص شامل ہیں، جبکہ تقریباً 368 کروڑ روپے مالیت کے 2,02,13,722 حصص آفر فار سیل (او ایف ایس) کے ذریعے فروخت کیے گئے ہیں۔ نئے حصص کے اجرا سے حاصل ہونے والی رقم کمپنی گلاس پروسیسنگ یونٹ قائم کرنے، ورکنگ کیپیٹل کی ضروریات پوری کرنے، آئی پی او سے متعلق اخراجات کی ادائیگی اور عمومی کارپوریٹ مقاصد کے لیے استعمال کرے گی۔
گلاس وال سسٹمز (انڈیا) لمیٹڈ کی مالی صورتِ حال کی بات کریں تو کیپٹل مارکیٹ ریگولیٹر سیبی کے پاس جمع کرائے گئے ریڈ ہیرنگ پراسپیکٹس (آر ایچ پی) میں دی گئی معلومات کے مطابق معمولی اتار چڑھاو¿ کے باوجود کمپنی کی مالی صحت مسلسل مضبوط رہی ہے۔ مالی سال 2023تا2024 میں کمپنی کو 20.25 کروڑ روپے کا خالص منافع ہوا تھا، جو اگلے مالی سال 2024تا2025 میں بڑھ کر 57.51 کروڑ روپے ہوگیا۔ وہیں گزشتہ مالی سال 2025تا2026 میں کمپنی کا خالص منافع مزید بڑھ کر 83.79 کروڑ روپے تک پہنچ گیا۔
اس دوران کمپنی کی آمدنی میں بھی اتار چڑھاو¿ دیکھنے میں آیا۔ مالی سال 2023تا2024 میں کمپنی کو 310.26 کروڑ روپے کی مجموعی آمدنی حاصل ہوئی، جو مالی سال 2024تا2025 میں کم ہو کر 288.14 کروڑ روپے رہ گئی، تاہم 2025تا2026 میں بڑھ کر 471.43 کروڑ روپے کی سطح پر پہنچ گئی۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی