
سرینگر 16 ستمبر (ہ س): ۔بڈگام میں بدھ کے روز ایک خاندان پر دوبارہ غم کا پہاڑ ٹوٹ پڑا؛ ایک سڑک حادثے میں اپنے بیٹے اور تین سالہ پوتے کو کھونے کے چار دن بعد، ان کے دادا آخری رسومات کی ادائیگی کے دوران قبرستان میں گر کر انتقال کر گئے۔پڑوسیوں اور رشتہ داروں نے بتایا کہ یہ بزرگ شخص دوپہر کے وقت قبرستان میں اس وقت گر پڑے جب خاندان کے افراد آخری رسومات میں شریک تھے۔انہوں نے بتایا کہ انہیں اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اسپتال پہنچنے پر انہیں مردہ قرار دے دیا۔ متوفی کی شناخت غلام حسن میر (62 سال) کے طور پر ہوئی ہے، جن کا تعلق گھوم احمد پورہ، ماگام سے تھا۔واضح رہے کہ میر کے بیٹے نصیر احمد میر (29 سال) اور پوتے ہادی علی (3 سال) کی 12 ستمبر کو بڈگام کے سوئی بگ علاقے میں ایک سڑک حادثے میں موت واقع ہو گئی تھی۔ حادثے میں نصیر کی اہلیہ دلشاد اختر (26 سال) شدید زخمی ہو گئی تھیں اور انہیں علاج کے لیے ہسپتال منتقل کیا گیا تھا۔اس واقعے نے علاقے میں سوگ کی فضا پیدا کر دی ہے اور مقامی باشندوں اور رشتہ داروں نے خاندان میں یکے بعد دیگرے ہونے والی ان اموات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Aftab Ahmad Mir