
نئی دہلی، 16 ستمبر (ہ س)۔
بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے پنجاب کے ہوشیارپور ضلع کے بَاڑیاں کلاں میں ڈاکٹر بھیم راو¿ امبیڈکر کے مجسمے کو نقصان پہنچائے جانے کے معاملے پر بھگوت مان حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ بی جے پی نے کہا کہ حکومت اپنے دفاتر میں بابا صاحب کی تصویر لگا کر صرف دکھاوا کرتی ہے، جبکہ ریاست میں ان کے مجسموں کی حفاظت نہیں ہو پا رہی ہے۔
بی جے پی کے مرکزی دفتر کے انچارج اور رکن پارلیمنٹ ترون چگھ نے ایکس پر جاری اپنی پوسٹ میں کہا کہ باَڑیاں کلاں میں بابا صاحب کے مجسمے کے ساتھ پیش آنے والا واقعہ پنجاب میں امن و امان کی صورتِ حال پر سوالات کھڑے کرتا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ مجرموں اور شرپسندوں میں پولیس اور انتظامیہ کا خوف باقی نہیں رہا ہے اور حکومت کی ناکامی کے باعث پنجاب کو شرمندگی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
ترون چگھ نے وزیراعلیٰ بھگوت مان سے مطالبہ کیا کہ واقعے کے ذمہ دار افراد کی فوری شناخت کرکے انہیں گرفتار کیا جائے اور قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کے عوام بابا صاحب کی توہین برداشت نہیں کریں گے۔
یہ واقعہ ایسے وقت سامنے آیا ہے جب پنجاب میں اس سے قبل بھی ڈاکٹر امبیڈکر کے مجسموں سے متعلق مبینہ بے حرمتی کے واقعات پر احتجاجی مظاہرے ہو چکے ہیں۔ ستمبر کے آغاز میں لدھیانہ میں پیش آنے والے ایسے ہی ایک واقعے کے خلاف ہوشیارپور اور جالندھر میں دلت اور والمیکی تنظیموں نے بند کی اپیل کی تھی۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / عطاءاللہ