
ہرارے، 15 ستمبر (ہ س)۔ زمبابوے کے مشہوروکٹ کیپر بلے باز برینڈن ٹیلر نے آسٹریلیا کے خلاف پہلے ایک روزہ بین الاقوامی میچ میں میدان میں اترتے ہی عظیم بھارتی بلے باز سچن تندولکر کا ایک طویل عرصے سے قائم ریکارڈتوڑدیا۔
ہرارے اسپورٹس کلب میں منگل کو کھیلے جا رہے مقابلے میں ٹیلر اپنا 208واں ایک روزہ بین الاقوامی میچ کھیلنے میدان میں اترے۔
ٹیلر کے ایک روزہ بین الاقوامی کیریئر کو اب 22 سال اور چار ماہ مکمل ہو چکے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے تندولکر کو پیچھے چھوڑ دیا، جنہوں نے 2012 میں ایک روزہ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لی تھی اور اس فارمیٹ میں ان کا کیریئر 22 سال اور تین ماہ پر محیط رہا۔
ٹیلر نے اسی میدان پر 2004 میں سری لنکا کے خلاف ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میں قدم رکھا تھا۔ یوں ان کے بین الاقوامی کیریئر کے آغاز سے اب تک 22 برس سے زائد کا عرصہ گزر چکا ہے۔
تاہم ایک روزہ کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا ریکارڈ اب بھی سچن تندولکر کے نام ہے۔ انہوں نے 463 میچوں میں 18,426 رنز بنائے ہیں۔ دوسری جانب ٹیلر نے آسٹریلیا کے خلاف اس مقابلے سے قبل 207 ایک روزہ میچوں میں 6,704 رن بنائے تھے، جن میں 11 سنچریاں اور 39 نصف سنچریاں شامل ہیں۔
ٹیلر نے 2021 میں کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے لی تھی۔ اس کے بعد 2022 میں آئی سی سی کے انسدادِ بدعنوانی اور انسدادِ ڈوپنگ قوانین کی خلاف ورزی پر ان پر ساڑھے تین سال کی پابندی عائد کی گئی تھی۔
پابندی مکمل ہونے کے بعد ٹیلر نے 2025 میں بین الاقوامی کرکٹ میں واپسی کی۔ زمبابوے اگلے سال جنوبی افریقہ اور نامیبیا کے ساتھ مل کر ایک روزہ عالمی کپ کی میزبانی کرے گا اور اسی تیاری کے دوران ٹیلر نے دوبارہ ٹیم کا حصہ بننے کا فیصلہ کیا ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی