
احمد آباد، 15 ستمبر (ہ س)۔ہندوستان کے سرفہرست کیو اسپورٹس کھلاڑی اکتوبر میں احمد آباد میں تاریخ رقم کرنے کے ارادے سے میدان میں اتریں گے۔ کامن ویلتھ کیو اسپورٹس چیمپئن شپ کے دوسرے ایڈیشن کے لیے 18 رکنی بھارتی ٹیم کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ پہلی مرتبہ اس باوقار کثیر مقابلہ جاتی چیمپئن شپ کا انعقاد ہندوستان میں ہوگا۔
چیمپئن شپ 7 سے 10 اکتوبر تک احمد آباد کے ویر ساورکر اسپورٹس کمپلیکس میں منعقد ہوگی۔ اس میں دولت مشترکہ کے تقریباً 46 ممالک کے کھلاڑی انگلش بلیئرڈز، اسنوکر، 10 بال پول، ہَے بال اور بلیک بال مقابلوں میں حصہ لیں گے۔
ایپیکس اسپورٹس پروموشن کے زیر اہتمام اور بلیئرڈز اینڈ اسنوکر فیڈریشن آف انڈیا کی میزبانی میں ہونے والی اس چیمپئن شپ کو ورلڈ کنفیڈریشن آف بلیئرڈ اسپورٹس اور کامن ویلتھ اسپورٹ کی منظوری حاصل ہے۔ یہ ایونٹ بھارتی کیو اسپورٹس کے لیے ایک اہم موقع ہونے کے ساتھ ساتھ بی ایس ایف آئی کی صد سالہ تقریبات کا بھی اہم حصہ ہے۔
بھارت نے 2025 میں ماریشس میں منعقدہ پہلی کامن ویلتھ کیو اسپورٹس چیمپئن شپ میں پانچ تمغے جیتے تھے۔ ان میں ودیا پلئی کا خواتین کے ہَے بال میں سونے ، شیوم اروڑہ کا مردوں کے ہَے بال میں چاندی اور چترا ماگیماراج کا خواتین کے 10 بال پول میں چاندی کا تمغہ شامل تھا۔ ان تینوں کھلاڑیوں کو اس سال براہ راست داخلہ ملا ہے اور وہ اپنی سرزمین پر تمغوں کی تعداد بڑھانے کے ارادے سے میدان میں اتریں گے۔
ودیا اور شیوم پر رہیں گی نظریں
گزشتہ کامن ویلتھ خواتین ہَے بال چیمپئن ودیا پلئی بھارت کی اہم تمغے کی امیدواروں میں شامل ہیں۔ انہوں نے گزشتہ سال ماریشس میں جنوبی افریقہ کی مرینا جیکبس کو سنسنی خیز شوٹ آؤٹ میں شکست دے کرسونے کا تمغہ جیتا تھا۔ اب انہیں گھریلو شائقین کے سامنے اپنے خطاب کا دفاع کرنے کا موقع ملے گا۔
شیوم اروڑہ بھی مردوں کے ہَے بال میں اپنی گزشتہ کارکردگی کو بہتر بنانے کے ارادے سے میدان میں اتریں گے۔ انہوں نے ماریشس میں چاندی کا تمغہ جیتا تھا اور فائنل میں یوگنڈا کے سیزر چنڈیگا کو سخت چیلنج دیا تھا۔ اروڑہ اس مرتبہ چاندی کو سونے میں تبدیل کرنا چاہیں گے۔
ودیا پلئی نے کہا، ”پہلا کامن ویلتھ خطاب جیتنا میرے لیے انتہائی خاص لمحہ تھا، لیکن بھارت میں اس کا دفاع کرنا اس ایڈیشن کو مزید اہم بنا دیتا ہے۔ اتنی بڑی سطح کی چیمپئن شپ کا احمد آباد آنا اور اپنے حامیوں کے سامنے کھیلنا ایسی چیز ہے جس کا ہم سب بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں۔ہمیں معلوم
ہے کہ دولت مشترکہ کے مختلف ممالک سے کھلاڑی آئیں گے اور مقابلہ سخت ہوگا، لیکن گھریلو شائقین کی حمایت ہمیں اضافی توانائی فراہم کر سکتی ہے۔ میں کامن ویلتھ چیمپئن شپ میں واپسی کے لیے پرجوش ہیں اور امید ہے کہ ملک کے لوگوں کو جشن منانے کا موقع دے سکوں گی۔“
اروڑہ نے کہا کہ ”ماریشس کا چاندی کا تمغہ ان کے لیے کافی اعتماد لے کر آیا، لیکن اس نے مجھے مزید بہتر کارکردگی کے لیے بھی ترغیب دی۔ ہندوستان اور خاص طور پر احمد آباد میں کامن ویلتھ چیمپئن شپ میں کھیلنا ایک بالکل مختلف تجربہ ہے ۔ مقابلے کی سطح بلند ہوگی، لیکن ہماری تیاری پوڈیم پر سب سے اوپر جگہ حاصل کرنے کے لیے ہے۔اس سطح کی بین الاقوامی چیمپئن شپ کی میزبانی ہندوستان کے کیو اسپورٹس کے لئے بڑا موقع ہے اور ہم اس کا بھرپور فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں۔“
تجربہ کار کھلاڑیوں کے ساتھ نوجوان صلاحیتیں
بھارتی ٹیم میں تجربہ کار بین الاقوامی کھلاڑیوں کے ساتھ ابھرتی ہوئی صلاحیتوں کو بھی شامل کیا گیا ہے۔خواتین کے زمرے میں موجودہ آئی بی ایس ایف ورلڈ ویمن اسنوکر چیمپئن انوپما رام چندرن، انگلش بلیئرڈز میں ریونا اوما دیوی کے ساتھ بھارتی چیلنج کی قیادت کریں گی۔ 2026 کی ایشین ویمن اسنوکر چیمپئن کیرتنا پانڈیان اسنوکر میں شروتی لکشمی نارائنن اور ایشیکا شاہ کے ساتھ بھارتی مہم کو آگے بڑھائیں گی۔
دو مرتبہ کی عالمی خواتین انگلش بلیئرڈز چیمپئن اور کامن ویلتھ ویمن 10 بال پول کی چاندی کا تمغہ جیتنے والی چترا ماگیماراج، 10 بال پول میں نینا پروین اور ایمی کامانی کے ساتھ میدان میں اتریں گی۔ نوعمر کھلاڑی نتاشا چیتن بلیک بال میں بھارتی خواتین کی ٹیم کو مضبوطی فراہم کریں گی۔
مردوں کی ٹیم میں سدھارتھ پاریکھ، لکشمن راوت اور سندیپ گلاٹی جیسے تجربہ کار کھلاڑی شامل ہیں۔ ان کے ساتھ ریان رجمی اور پارس گپتا جیسی نوجوان صلاحیتیں بھی چیلنج پیش کریں گی۔ 2026 کی ڈبلیو پی اے ہَے بال عالمی چیمپئن شپ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے راوت اچھی فارم کے ساتھ احمد آباد پہنچیں گے، جبکہ اسنوکر میں ان کے ساتھ آدتیہ مہتا ہوں گے۔
مردوں کے 10 بال پول میں دیویہ شرما ہندوستان کی نمائندگی کریں گے، جبکہ سندیپ گلاٹی بلیک بال میں حصہ لیں گے۔
چیمپئن شپ میں مردوں اور خواتین کے مقابلوں کو ملا کر مجموعی طور پر 10 تمغوں کے سیٹ داو¿ پر ہوں گے۔ اس سال پہلی مرتبہ بلیئرڈز کو کامن ویلتھ کیو اسپورٹس چیمپئن شپ کے پروگرام میں شامل کیا گیا ہے۔
بھارت کی 18 رکنی ٹیم
مرد: انگلش بلیئرڈز میں سدھارتھ پاریکھ، ریان رجمی؛ اسنوکر میں لکشمن راوت، آدتیہ مہتا؛ ہَے بال میں شیوم اروڑہ (براہ راست داخلہ)، پارس گپتا؛ 10 بال پول میں دیویہ شرما؛ بلیک بال میں سندیپ گلاٹی۔
خواتین: انگلش بلیئرڈز میں انوپما رام چندرن، ریونا اوما دیوی؛ اسنوکر میں کیرتنا پانڈیان، شروتی لکشمی نارائنن، ایشیکا شاہ؛ ہَے بال میں ودیا پلئی (براہِ راست داخلہ)، ایمی کامانی؛ 10 بال پول میں چترا ماگیماراج (براہ راست داخلہ)، نینا پروین؛ بلیک بال میں نتاشا چیتن۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد