
دیشا سالیان معاملے میں سورج پنچولی نے توڑی خاموشی، الزامات کی تردید
ممبئی، 15 ستمبر (ہ س)۔ اداکار سورج پنچولی نے سشانت سنگھ راجپوت کی سابق منیجر دیشا سالیان کی موت سے متعلق معاملے میں اپنا نام سامنے آنے کے بعد پہلی بار تفصیلی ردعمل ظاہر کیا ہے۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق 2020 میں دیشا سالیان کی موت سے متعلق معاملے میں مرکزی تفتیشی بیورو نے 17 افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کی ہے، جن میں سورج پنچولی کا نام بھی شامل ہونے کی بات کہی جارہی ہے۔ اس کے بعد اداکار نے سوشل میڈیا کے ذریعے اس معاملے سے کسی بھی طرح کا تعلق ہونے کی تردید کی ہے۔
سورج پنچولی نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں کہا کہ انہوں نے اپنی زندگی میں دیشا سالیان سے کبھی بھی براہ راست یا بلاواسطہ ملاقات نہیں کی۔ انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ وہ آدتیہ ٹھاکرے سے بھی کبھی نہیں ملے۔ اداکار کے مطابق گزشتہ کئی برسوں سے بغیر کسی ثبوت کے ان کا نام اس معاملے سے جوڑا جارہا ہے۔ سورج نے بتایا کہ پولیس اور سی بی آئی تقریباً 4 سے 5 سال پہلے ہی اس معاملے میں ان کا بیان ریکارڈ کرچکی ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ان کے پاس چھپانے کے لیے کچھ بھی نہیں ہے۔
اداکار نے مزید کہا کہ وہ طویل عرصے سے اس معاملے پر خاموش رہے، لیکن اب مسلسل ان کا نام ایسے واقعے سے جوڑا جارہا ہے جس سے ان کا کوئی تعلق نہیں ہے اور وہ اسے مزید قبول نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اگر تفتیشی ایجنسی دوبارہ ان سے پوچھ گچھ کرنا چاہتی ہے تو وہ مکمل تعاون کرنے کے لیے تیار ہیں۔ سورج پنچولی نے عوام سے اپیل کی کہ اس معاملے سے وابستہ کسی بھی شخص کے بارے میں رائے قائم کرنے سے پہلے حقائق کی تصدیق کی جائے۔ ان کا کہنا ہے کہ کسی بھی فرد کو صرف الزامات یا خبروں کی بنیاد پر قصوروار نہیں سمجھا جانا چاہیے۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق، ایف آئی آر میں آدتیہ ٹھاکرے، ڈینو موریا اور ریا چکرورتی سمیت 17 افراد کے نام شامل ہونے کی بات کہی جارہی ہے۔ تاہم اس معاملے میں سورج پنچولی نے اپنے کسی بھی تعلق سے واضح طور پر انکار کیا ہے اور دوبارہ تفتیش کی صورت میں تفتیشی اداروں کے ساتھ تعاون کرنے کی آمادگی ظاہر کی ہے۔
ہندوستھان سماچار
--------------------
ہندوستان سماچار / جاوید این اے