
نئی دہلی، 15 ستمبر (ہ س)۔ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے کہا ہے کہ مرکزی حکومت نے محکمے کی طویل عرصے سے زیرِ التوا کیڈر تنظیمِ نو کی منظوری دے دی ہے، جس کے تحت ای ڈی میں منظور شدہ آسامیوں کی تعداد میں 60 فیصد اضافہ ہوگا۔ اس تنظیمِ نو کے بعد ای ڈی میں منظور شدہ آسامیوں کی تعداد 2,029 سے بڑھ کر 3,256 ہو جائے گی۔
ای ڈی نے یہ اطلاع بنگلورو میں واقع انڈین انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ (آئی آئی ایم) میں 14 اور 15 ستمبر کو منعقدہ 36ویں سہ ماہی علاقائی زونل افسران کانفرنس (کیو سی زیڈ او) کے اختتام پر جاری ایک بیان میں دی۔ کانفرنس کی صدارت ای ڈی کے ڈائریکٹر نے کی، جس میں صدر دفتر اور مختلف علاقائی دفاتر کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔
ای ڈی کے مطابق کیڈر تنظیمِ نو کے تحت محکمہ اپنے انتظامی ڈھانچے کو مزید وسعت دے گا۔ منی لانڈرنگ کی روک تھام سے متعلق قانون (پی ایم ایل اے) کے لیے 50 زون قائم کیے جائیں گے، جبکہ فارن ایکسچینج مینجمنٹ ایکٹ (فیما) کے لیے دہلی، چنڈی گڑھ، ممبئی، کولکاتا اور چنئی میں پانچ خصوصی زون قائم ہوں گے۔ محکمہ کی کام کرنے والی اکائیوں کی تعداد بھی 131 سے بڑھا کر 241 کر دی جائے گی۔ اس نئی تنظیم کو یکم جنوری 2027 سے نافذ کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
کانفرنس کے دوران ای ڈی ڈائریکٹر نے افسران کو اقتصادی جرائم، بینک فراڈ، بلڈر اور خریداروں سے متعلق دھوکہ دہی، دیوالیہ پن اورعدم ادائئگی کاضابطہ قانون (آئی بی سی) سے متعلق معاملات اور سائبر جرائم کی تحقیقات میں تیزی لانے کی ہدایت دی۔ انہوں نے زیرِ التوا مقدمات کو جلد نمٹانے اور مقدمات میں سزا کی شرح بڑھانے پر بھی زور دیا۔
کانفرنس میں یہ بھی طے کیا گیا کہ ہر علاقائی زون کم از کم 10 اہم معاملات کی نشاندہی کرے گا اور کوشش کی جائے گی کہ ان معاملات کی عدالتی کارروائی چھ سے آٹھ ماہ کے اندر آخری مرحلے تک پہنچ جائے۔ اس کے ساتھ جرم سے حاصل کی گئی جائیداد اور اثاثے حقیقی متاثرین کو واپس کرنے کے عمل کو بھی ترجیح دی جائے گی۔
ای ڈی کے مطابق اب تک 76 معاملات میں 73,800 کروڑ روپے سے زائد مالیت کے اثاثوں کی نشاندہی یا منتقلی متاثرین کو واپس کرنے کے عمل کے تحت کی جا چکی ہے۔ کانفرنس میں ٹیکنالوجی، سائبر فرانسک، مصنوعی ذہانت، بین الاقوامی تعاون اور کرپٹو کرنسی سے متعلق جرائم کی تحقیقات کی صلاحیت بڑھانے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی