
نئی دہلی، 15 ستمبر (ہ س)۔ مرکزی وزیرِ مملکت اور بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی دہلی شاخ کے صدر ہرش ملہوترا نے راجستھان کے بلدیاتی انتخابات میں بی جے پی کے تقریباً 4,200 امیدواروں کی کامیابی پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے اس انتخابی کامیابی کو وزیرِ اعظم نریندر مودی کی پالیسیوں اور بہتر حکمرانی کی فتح قرار دیا۔
دہلی بی جے پی کے صدر ہرش ملہوترا نے منگل کو پارٹی کے ریاستی دفتر میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ راجستھان بلدیاتی انتخابات کے نتائج کل گنیش چترتھی کے دن سامنے آئے اور ان انتخابات میں بھارتیہ جنتا پارٹی کو بڑی کامیابی حاصل ہوئی۔ ان کے مطابق یہ نتیجہ ایک بار پھر وزیرِ اعظم نریندر مودی کی پالیسیوں پر عوام کے اعتماد کی تصدیق کرتا ہے۔
ہرش ملہوترا نے کہا کہ راجستھان میں بلدیاتی انتخابات میں زیادہ سے زیادہ آزاد امیدواروں کو منتخب کرنے کی ایک جمہوری روایت رہی ہے، لیکن اس مرتبہ ریاست کے عوام نے تقریباً 4,200 بلدیاتی امیدواروں کو بھارتیہ جنتا پارٹی سے منتخب کرکے ایک نئی تاریخ رقم کی ہے۔
دہلی بی جے پی صدر نے کہا کہ کوٹہ جیسے ابھرتے ہوئے نوجوان شہر میں بی جے پی کا میونسپل کارپوریشن میں اکثریت حاصل کرنا ہو یا ریاستی دارالحکومت جے پور میں پارٹی کی کامیابی، یہ نتائج واضح کرتے ہیں کہ تمام اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے مل کر کی جانے والی سیاسی سازشوں کے باوجود ملک کے نوجوان، تعلیم یافتہ طبقے، تاجر برادری اور بالخصوص خواتین بھارتیہ جنتا پارٹی کے ساتھ ہیں اور آئندہ بھی اس کے ساتھ رہیں گے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی