
حیدرآباد، 15 ستمبر (ہ س)۔ شیعہ اسماعیلی مسلمانوں کے 50ویں امام اور آغا خان ڈیولپمنٹ نیٹ ورک (اے کے ڈی این) کے چیئرمین شہزادہ رحیم آغاخان پنجم نے حیدرآباد کے لوک بھون میں تلنگانہ کے گورنر شیو پرتاپ شکلا سے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران دونوں شخصیات نے مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا۔ گفتگو میں بالخصوص شہری تجدید، تاریخی ورثے کے تحفظ اور تعلیم کے شعبوں میں شراکت داری کو وسعت دینے پر توجہ مرکوز کی گئی۔
شہزادہ رحیم آغا خان اورگورنر شیو پرتاپ شکلا نے ایسے اقدامات اور منصوبوں کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال کیا جو پائیدار شہری ترقی، عوامی سہولتوں اور تاریخی و ثقافتی ورثے کے تحفظ میں معاون ثابت ہوسکتے ہیں۔
حیدرآباد اپنی تاریخی عمارتوں، قدیم فن تعمیر اور ثقافتی ورثے کے لیے دنیا بھر میں شناخت رکھتا ہے۔ اس تناظر میں ورثے کے تحفظ سے متعلق تعاون کو خاص اہمیت حاصل ہے۔
آغا خان ڈیولپمنٹ نیٹ ورک تعلیم، ثقافت، صحت، شہری ترقی اور دیگر شعبوں میں مختلف ترقیاتی سرگرمیوں سے وابستہ ہے۔ ملاقات کے دوران تلنگانہ میں ان شعبوں میں مزید تعاون اور شراکت داری کے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔
ملاقات کو ریاست میں شہری ترقی، تعلیم اور تاریخی ورثے کے تحفظ کے شعبوں میں مستقبل میں تعاون کو فروغ دینے کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا جارہا ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق