
کولکاتا، 15 ستمبر( ہ س )۔
سندربن پولیس ضلع کے پاتھَر پرتیما تھانے کی پولیس نے رام گنگا علاقے میں کارروائی کرتے ہوئے گزشتہ رات بی ڈی او دفتر سے کچھ ہی فاصلے پر واقع ’سویٹی‘ اور ’ٹائٹینک‘ نامی دو رہائشی ہوٹلوں پر چھاپہ مارا۔ پولیس نے کارروائی کے دوران کئی خواتین کو گرفتار کیا ہے۔
گرفتار خواتین کو منگل کے روز کاک دویپ عدالت میں پیش کیا جا رہا ہے۔ پولیس نے دونوں ہوٹلوں کے مالکان، منیجر اور دیگر افراد کی تلاش بھی شروع کر دی ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق دونوں ہوٹلوں میں طویل عرصے سے خواتین کو ٹھہرا کر مبینہ طور پر جسم فروشی یا سیکس ریکٹ چلائے جانے کی شکایات موصول ہو رہی تھیں۔ ان شکایات کی بنیاد پر پولیس خفیہ طور پر معاملے پر نظر رکھ رہی تھی۔ بعد ازاں خصوصی اطلاع ملنے پر دونوں ہوٹلوں میں چھاپہ مارا گیا اور کئی خواتین کو گرفتار کر لیا گیا۔
چھاپے کی خبر پھیلتے ہی بی جے پی کے کئی مقامی رہنما بھی موقع پر پہنچ گئے۔ بتایا گیا ہے کہ اسی دوران ہوٹل کے منیجر اور ملازمین کے ساتھ بی جے پی رہنماو¿ں کی بحث ہوگئی، جو بعد میں ہاتھا پائی تک پہنچ گئی۔ بی جے پی رہنماو¿ں نے الزام لگایا کہ ہوٹل مالکان کے مبینہ افراد نے ان پر حملہ کیا۔ تاہم ہوٹل انتظامیہ کی جانب سے ان الزامات پر ابھی کوئی ردِعمل سامنے نہیں آیا ہے۔
پولیس کی کارروائی کی اطلاع ملتے ہی ہوٹل کا منیجر اور کچھ دیگر افراد موقع سے فرار ہوگئے۔ پولیس ان کی تلاش میں ممکنہ ٹھکانوں پر چھاپے مار رہی ہے۔
مقامی لوگوں کے مطابق پاتھَر پرتیما بلاک کے رام گنگا اور پاتھَر پرتیما علاقوں میں کئی رہائشی ہوٹل ہیں۔ بیشتر ہوٹل مبینہ طور پر قواعد کے مطابق رجسٹر وغیرہ برقرار رکھتے ہوئے کاروبار کرتے ہیں، لیکن ’سویٹی‘ اور ’ٹائٹینک‘ ہوٹلوں کے بارے میں طویل عرصے سے مختلف شکایات سامنے آتی رہی ہیں۔
فی الحال پولیس اس بات کی تحقیقات کر رہی ہے کہ دونوں ہوٹلوں میں واقعی کس نوعیت کی سرگرمیاں جاری تھیں اور ہوٹل مالکان کے علاوہ اس معاملے میں مزید کون کون لوگ ملوث ہیں۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / عطاءاللہ