
نئی دہلی، 15 ستمبر (ہ س)۔ شمال مغربی دہلی کے کَنجھاولا میں بی جے پی کے منڈل صدر سنیل کمار کے ساتھ مبینہ مارپیٹ کے معاملے میں دہلی پردیش بی جے پی نے منڈکا کے رکنِ اسمبلی گجیندر دارال اور متاثرہ منڈل صدر، دونوں کو وجہ بتاو نوٹس جاری کیا ہے۔
کَنجھاولا منڈل صدر سنیل کمار نے منڈکا سے بی جے پی کے رکنِ اسمبلی گجیندر دارال اور دیگر افراد پر الزام عائد کیا ہے کہ انہیں میٹنگ کے بہانے دفتر بلایا گیا اور وہاں بے رحمی سے تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔
دہلی بی جے پی کے صدر ہرش ملہوترا نے منگل کو کہا کہ شمال مغربی پارلیمانی حلقے میں پیش آنے والے اس واقعے کی اطلاع ریاستی قیادت کے علم میں آئی ہے۔ ریاستی قیادت نے معاملے کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے متعلقہ رکنِ پارلیمان اور ضلعی صدر سے بات چیت کی ہے۔
اس کے بعد متعلقہ رکنِ اسمبلی اور منڈل صدر کو خط جاری کرکے 16 ستمبر کو دوپہر تین بجے تک دہلی بی جے پی کی تادیبی کمیٹی کے سامنے اپنا موقف پیش کرنے کو کہا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ معاملہ دہلی بی جے پی کی ڈسپلنری کمیٹی کے سپرد کر دیا گیا ہے اور کمیٹی کی رپورٹ کی بنیاد پر آئندہ کارروائی کی جائے گی۔
دہلی بی جے پی صدر نے یہ بھی کہا کہ دونوں فریقوں میں سے کوئی بھی پولیس یا قانونی کارروائی کا مطالبہ کرنے کے لیے آزاد ہے۔ پارٹی کی سطح پر تادیبی کارروائی کمیٹی کی رپورٹ کی بنیاد پر کی جائے گی۔
اس سلسلے میں دہلی پردیش بی جے پی کے جنرل سکریٹری وشنو متل نے رکنِ اسمبلی اور منڈل صدر کو نوٹس بھیجا ہے۔ دونوں رہنماو¿ں کو 16 ستمبر تک ریاستی تادیبی کمیٹی کے سامنے حاضر ہو کر یا تحریری طور پر اپنا جواب دینے کی ہدایت دی گئی ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی